نوشہرہ: کنڈ پارک کے مقام پر سیاحوں سے بھری کشتی ڈوب گئی، تلاش جاری

نوشہرہ: کنڈ پارک کے مقام پر سیاحوں سے بھری کشتی ڈوب گئی، تلاش جاری

خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں کنڈ پارک کے مقام پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں سیاحوں سے بھری کشتی ڈوب گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق کشتی میں لگ بھگ 15 افراد سوار تھے جن میں سے 4 کو بچال لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کشتی ڈوبنے کا حادثہ اوور لوڈنگ کے باعث پیش آیا۔

موقع پر موجود ایک شہری کے مطابق کشتی میں سوار افراد کے پاس کوئی سیفٹی جیکٹ نہیں تھی، کشتی اوور لوڈنگ کے باعث ڈوبی۔

نوشہرہ میں کشتی، چارسدہ اور کوہاٹ میں متعدد افراد کے ڈوبنے کے واقعات پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اظہارِ افسوس کیا اور حکام کو ریسکیو اقدامات کی ہدایت کی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈوبنے والے افراد کو بچانے کیلیے وسائل بروئے کار لائے جائیں، ریسکیو کیے گئے افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں کشتی رانی کو محفوظ بنانے کیلیے اقدامات اٹھائے جائیں، کشتی رانی کیلیے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب، مشیر اطلات و نشریات کے پی بیرسٹر سیف نے حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کشتی رانی کیلیے سیفٹی ریگولیشن موجود ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کشتی آپریٹرز سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔