کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے سلسلے میں ایم کیو ایم نے دوبارہ رجسٹریشن فیس کی وصولی پر اعتراض کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے کہا ہے کہ شہری پہلے ہی رجسٹریشن کے وقت یہ فیس دے چکے ہیں، اب دوبارہ اس مد میں رقم لینا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
نمبر پلیٹوں کے حصول میں مشکلات اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے بھاری چالان کے تناظر میں ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کا وفد جلد صوبائی وزیر ایکسائز سے ملاقات کرے گا، مرکزی کمیٹی نے اراکین اسمبلی کو صوبائی وزیر سے ملاقات کر کے مسئلے پر بات چیت اور عوامی سہولیات کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مرکزی کمیٹی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سے ملاقات کر کے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کی فراہمی، ٹریفک پولیس کی بے جا کارروائیوں اور محکمہ ایکسائز کی سست روی جیسے عوامی مسائل کی نشان دہی کی جائے۔
کمیٹی کے مطابق شہر قائد میں 33 لاکھ سے زیادہ موٹر سائیکلیں اور 23 لاکھ دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، جن کے مالکان کو آن لائن اپلائی کرنے کے باوجود نمبر پلیٹس وقت پر موصول ہو رہی ہیں، نہ ہی متعلقہ محکمے کی جانب سے شکایتوں کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے، اور شہریوں کو سڑکوں پر پولیس کی دھمکیوں اور گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سامنا ہے۔
کمیٹی نے اراکین کو ہدایت کی کہ صوبائی وزیر ایکسائز سے ملاقات کر کے انھیں محکمہ کی جانب سے مرکزی شاہراہوں پر موبائل کیمپس قائم کرنے کا مشورہ دیں، اور مطالبہ کریں کہ آن لائن اپلائی کرنے والوں کو نمبر پلیٹ بذریعہ کوریئر گھر تک پہنچائی جائے۔
ایم کیو ایم کا یہ بھی مؤقف ہے کہ نمبر پلیٹ کے لیے فیسوں پر نظر ثانی کی جائے اور پرانی فیس ادا کرنے والوں کو رعایت دی جائے۔