طلاق کے بعد مقبوضہ کشمیر میں پھنس جانے والی خاتون کی وزیر اعظم سے اپیل

مقبوضہ کشمیر

مظفر آباد : آزاد کشمیر کی خاتون مقبوضہ کشمیر میں پھنس کر رہ گئی، اولاد نہ ہونے پر شوہر نے طلاق دے کر گھر سے نکال دیا تھا، واپس جانے کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی، ویڈیو پیغام میں حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق شادی کے بعد جموں کشمیر جانے والی آزاد کشمیر کی رہائشی کبریٰ گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان سے گھر واپسی کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں اس کا کہنا ہے کہ سال دو ہزار دس میں شادی ہو کر جموں کشمیر گئی تھی، کچھ عرصے بعد اولاد نہ ہونے پر شوہر نے طلاق دے کر گھر سے نکال دیا۔

کبریٰ گیلانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ میں در در کی ٹھوکریں کھارہی ہوں،  بہت پریشان ہوں اپنے گھر واپس جانا چاہتی ہوں، دو ڈھائی سو لڑکیاں اور بھی ہیں جو اپنے والدین کے گھر واپس آنا چاہتی ہیں۔

خاتون سے وزیر اعظم عمران خان، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ ہمارا واپسی کیلئے  راستے میں درپیش مشکلات کو آسان بنایا جائے۔

دوسری جانب کبریٰ کی والدہ نے حکومت پاکستان اور بھارتی حکومت  سے اپنی بیٹی کو  گھر واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔