بابراعظم کی وکٹ جانے پر محمد رضوان کا ایش سودھی کے ہمراہ جشن، ویڈیو

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ون ڈے ورلڈ کپ کے پاکستان کے پہلے وارم اپ میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی کے ساتھ محمد رضوان نے بابر اعظم کی وکٹ جانے پر جشن منایا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سودھی 18ویں اوور کی تیسری گیند کر رہے تھے۔ اگرچہ بابر اعظم ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار تھے لیکن ہلکی سی بوندا باندی نے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔

تاہم، لیگ اسپنر نے دوڑنا جاری رکھا، اسٹمپ کو توڑ دیا، اور اپیل کرنا شروع کر دی۔ رضوان نے دیکھا کہ یہ محض ایک مذاق ہے تو وہ سودھی کے ہمراہ ہنسنا شروع ہوگئے اور انہیں گرمجوشی سے گلے لگایا۔

محمد رضوان کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد کرکٹ شائقین کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے، جبکہ بعض شائقین کرکٹ محمد رضوان کی زندہ دلی کو سراہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے ہرا دیا، محمد رضوان کے 103 رنز بھی شکست سے نہ بچا سکے۔

بھارتی حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور پاکستانی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم 5 وکٹوں سے ہار گئی۔

کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو 346 رنز کا ہدف دیا جسے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز سے 38 گیندوں قبل ہی باآسانی پورا کرلیا۔

رچن رویندرا نے 72 گیندوں پر97 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کین ولیم سن اور ڈیرل مچل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔