اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کیلیے انتظامی افسران کی تقرریوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
تقرریوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ انتہائی تشویشناک ہے، الیکشن میں دھاندلی کا دروازہ کھولنے کیلیے بدترین انتخابی انجینئرنگ کی گئی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ شفاف انتخابات خاک میں ملانے کی جانب قدم ہے۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ شفاف انتخابات کیلیے غیر جانبدار افسران کی تقرری کی جائے کیونکہ نگران حکومتوں کے اشاروں پر ناچنے والی بیوروکریسی پر اعتماد نہیں۔
متعلقہ: پی ٹی آئی کا انتخابات ملتوی کرنے کی دائر درخواستوں پر ردعمل
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے افسران پی ٹی آئی کو کچلنے کیلیے کردار ادا کر رہے ہیں، غیر آئینی و غیر قانونی نگران حکومتوں کی ایما پر لاقانونیت کا بازار گرم ہے، انتخاب جنگل کا قانون لاگو کرنے والوں کے ہاتھ میں نہیں دیا جا سکتا۔
’پنجاب اور خبیر پختونخوا انتخابات کے موقع پر بھی متنازع افسران لگائے گئے تھے۔ ناتجربہ کار افسران کو بھی حساس ترین فرائض دینے کی اطلاعات ہیں۔ کمزور الیکشن کمیشن انتظامی افسران پر کنٹرول میں بھی ناکام ہو چکا۔‘
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ شفاف انتخابات کیلیے عدالتی افسران کو ذمہ داری دی جائے، الیکشن کمیشن انتظامی افسران کی تعیناتیاں رول بیک کرے، انتخابات پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔