محکمہ صحت سندھ کی سرکاری گاڑیاں تاحال محکمے کو واپس نہ مل سکیں

استعمال شدہ گاڑیاں

کراچی: محکمہ صحت سندھ کی 30 سے زائد سرکاری گاڑیاں تاحال محکمے کو واپس نہ کی جا سکیں۔ سابق و موجودہ افسران نے نگراں وزیر صحت اور ڈی جی ہیلتھ سندھ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ صحت سندھ کے پراجیکٹس کے سابق اور موجودہ افسران کے پاس تاحال گاڑیاں موجود ہیں، وزیر صحت کی ہدایت اور ڈی جی ہیلتھ کے خط کے باوجود افسران نے گاڑیاں واپس نہ کیں۔

رواں سال اکتوبر میں سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کیلیے خط لکھا گیا تھا۔ قیمتی گاڑیاں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ری پروڈکٹیو اور میٹرنل ہیلتھ کے پاس ہیں۔

نیو بورن اینڈ چائلڈ ہیلتھ اور آر ایم این سی ایچ محکمے کے پاس بھی قیمتی گاڑیاں ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ اور کورڈینیٹر اے اے پی کے افسران کے پاس بھی گاڑیاں موجود ہیں۔

علاوہ ازیں، پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ کراچی کے دفتر کے پاس 7، پراجیکٹ کورڈینیٹر اے اے پی کے دفتر کے پاس 13 اور ڈپٹی ڈی جی آر ایم این سی ایچ حیدر آباد کے دفتر کے پاس 20 سرکاری گاڑیاں موجود ہیں۔