راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ میں پانی اور مضر صحت اجزا کی ملاوٹ پر ہزاروں لیٹر دودھ تلف کرتے ہوئے سپلائرز پر جرمانہ عائد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والے مافیا کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی میں چیکنگ کے دوران 3100 لیٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسلام آباد ٹول پلازہ پر ناکے لگا کر 30 ہزار 500 لیٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا، تلف کیے جانے والے دودھ میں پانی اور مضر صحت اجزاکی ملاوٹ پائی گئی تھی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام نے مزید بتایا کہ ضائع کیا جانے والا دودھ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے 5 سپلائرز پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔