بلوچستان میں گیس کا بڑا جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل

بلوچستان میں گیس کا بڑا جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل

اسلام آباد : بلوچستان میں گیس کا بڑا جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا، پراجیکٹ سے 14 ملین معکب فٹ یومیہ گیس حاصل ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بلوچستان میں گیس کا بڑا جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

ترجمان او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا گیا ، پراجیکٹ سے یومیہ 14 ملین مکعب فٹ گیس اور 45 بیرل کنڈینسیٹ کی پیداوار حاصل ہورہی ہے۔ حاصل شدہ گیس کو سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی ایل) کے مرکزی پائپ لائن نیٹ ورک میں شامل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ منصوبہ فروری 2024 میں حکومت کے مراعاتی پیکج کی منظوری کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ او جی ڈی سی ایل اس منصوبے میں بطور آپریٹر 56 فیصد شراکت دار ہے جبکہ پی او ایل 24 فیصد اور جی ایچ پی ایل 20 فیصد شراکت دار ہیں۔

او جی ڈی سی ایل جھل مگسی میں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے تحت متعدد فلاحی منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہےم ان میں اسکولز، ہیلتھ کیئر مراکز اور کم آمدنی والے اور بے گھر افراد کے لیے 84 ماڈل مکانات کی تعمیر شامل ہے۔

کمپنی کے مطابق جھل مگسی کے نوجوانوں کو اسکالرشپس اور نیووٹیک کے ذریعے فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایمبولینسز، فری آئی کیمپس، اور 800 خاندانوں کو راشن بیگز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے 2 آر او پلانٹس اور متعدد واٹر ٹینکس بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات میسر آئیں۔