کراچی: پاکستان میں گزشتہ 10 برسوں میں تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے کی بجائے بڑی کمی آئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم انفارمیشن سروس کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں پاکستان میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت نہیں ہوئے، 2015 میں پاکستان میں خام تیل کی یومیہ پیداوار 94 ہزار 500 بیرل تھی جب کہ 2024 میں ملک میں خام تیل کی یومیہ پیداوار گر کر 70500 بیرل پر آ گئی۔
پی پی آئی ایس کے مطابق پٹرول کی پیداوار 10 سالوں میں 24 ہزار بیرل گر گئی، گیس کی پیداوار 10 سالوں میں 900 ایم ایم ایس سی ایف ڈی کم ہو گئی۔ 2015 میں گیس کی یومیہ پیداوار 4016 ایم ایم سی ایف ڈی تھی، جو 2024 میں کم ہو کر 3116 ایم ایم سی ایف ڈی پر آ گئی۔
مالی سال 24 میں گیس کی پیداوار 4.4 فی صد سالانہ کمی سے 3116 ملین مکعب فٹ رہی، جب کہ تیل کی پیداوار سالانہ 1.5 فی صد معمولی اضافے سے 70536 بیرل یومیہ ہو گئی۔
ادھر آج پیر کو پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے پاکستان اسٹاک ایکسیچنج کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ٹل بلاک رازگیر ون کے کنوئیں میں تیل و گیس کے نئے ذخائر ملے ہیں۔
ٹل بلاک میں رازگیر کنوئیں کی کھدائی 3773 میٹر تک کی گئی ہے، ابتدائی جانچ میں کنوئیں سے 17.90 ملین معکب فٹ گیس یومیہ اور یومیہ 153 بیرل خام تیل کے ذخائر ملے ہیں۔