اوکاڑہ پولیس کو نومولود بچوں کی لاشیں پھینکنے والے ملزمان کی تلاش

اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پولیس کو نومولود بچوں کی لاشیں پھینکنے والے ملزمان کی تلاش ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے تیسری نومولود بچے کی لاش ملی ہے، پولیس نے لاشیں پھینکنے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

نومولود بچے کی تیسری لاش پل گھارا اٹاری روڈ حجرہ شاہ مقیم سے ملی ہے، اس سے قبل محلہ صدیق نگر کے گھر کی چھت سے بھی ایک نومولود بچی کی لاش ملی تھی۔

گزشتہ روز محلّہ پیر اسلام کے ایک خالی پلاٹ سے بھی ایک نومولود بچے کی لاش ملی تھی۔

یاد رہے کہ مارچ 2019 میں اوکاڑہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال دیپالپور میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا تھا، نامعلوم ظالم والدین اپنی نومولود بچی کو اسپتال کے فلیش میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے، اور نومولود بچی فلیش میں مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔

اوکاڑہ : نویں کلاس کی طالبہ اغوا : چھ ملزمان کی اجتماعی زیادتی

واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر میں اوکاڑہ کے ایک نواحی علاقے میں نویں کلاس کی طالبہ کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، مغویہ کو 6 ملزمان کئی روز تک زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم ریحان نے 6 ساتھیوں سمیت گن پوائنٹ پر طالبہ کو اغوا کیا تھا، سفاک اور بااثر ملزمان نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بھی بنایا، 13 سالہ طالبہ موقع پا کر بھاگ کر گھر آ گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کا نوٹس لیا تھا۔