کراچی: شہر قائد کےعلاقےسائٹ میٹروول میں پولیس کارروائی کے دوران شپ بریکنگ ایسوسی ایشن کاعمررسیدہ عہدیدار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میٹروول میں اقبال مارکیٹ انویسٹی گیشن پولیس نے بریکنگ ایسوسی ایشن کےعہدیدارعبدالکریم کو حراست میں لے کر موبائل میں ڈالا، اسی دوران وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
مرحوم عبد الکریم کے بیٹے نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے والد پر جھوٹا مقدمہ کسی بلیک میلر نے درج کرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے والد دل کے مریض تھے۔
عبدالکریم کے بیٹے امین نے کہا کہ گرفتاری کے دوران پولیس کی رویے کے باعث والد کی طبعیت بگڑ گئی تھی جس پر وہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس والے اگر صحیح تھے تو وہاں سے میرے والد کو چھوڑ کرکیوں فرار ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج ہے جس پر گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔
کراچی پولیس کی کارروائیاں‘ 2 ملزمان گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔