قطر نے اولمپکس گیمز 2036 کی میزبانی پر نظریں جما لیں، ریکارڈ بولی دے دی

قطر جس نے 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد کیا اب وہ اولمپکس گیمز کی میزبانی کا خواہاں ہے اور 2036 کیلیے ریکارڈ بولی لگا دی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق قطر نے 2036 میں ہونے والے اولمپکس اور پیرا اولمپکس گیمز کی میزبانی کے لیے باضابطہ طور پر بولی دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قطر نے کھیلوں کے اس میلے کے لیے تاریخی بولی دی ہے۔ تاہم اب اولمپک گیمز کی میزبانی کے لیے ممالک پر لازم نہیں کہ وہ اپنی بولی کو عوامی طور پر ظاہر کریں۔

قطر جو خلیج کی سب سے چھوٹی مگر امیر ترین ریاست ہے۔ کھیلوں کے بڑے ایونٹ کی کامیاب میزبانی کا تجربہ رکھتی ہے۔ 2022 میں وہ دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال (فیفا ورلڈ کپ) کی کامیاب میزبانی کر چکی ہے اور فیفا نے مذکورہ ورلڈ کپ کو رواں صدی کا سب سے بہترین ٹورنامنٹ بھی قرار دیا تھا۔

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کا کہنا ہے کہ اگر قطر کو اولمپکس 2036 کی میزبانی مل جاتی ہے تو یہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا پہلا ملک ہوگا جو اولمپک گیمز کی میزبانی کرے گا۔

قطر اولمپک کمیٹی کے صدر شیخ جوعان بن حمد آل ثانی نے کہا کہ دوحہ نے کھیل کو اپنی قومی حکمت عملی کا بنیادی ستون بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیمز کی میزبانی کے لیے درکار 95 فیصد اسپورٹس انفرااسٹرکچر پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے اور ہمارے پاس ایک جامع منصوبہ موجود ہے تاکہ باقی سہولیات کو بھی مکمل کیا جا سکے۔

اولمپک گیمز روایتی طور پر ہر بار مختلف براعظم میں منعقد کیے جاتے ہیں۔ 2024، 2028 اور 2032 کے اولمپک گیمز بالترتیب یورپ، شمالی امریکا اور اوشیانا میں منعقد ہو رہے ہیں، جس سے 2036 کے اولمپک گیمز کے ایشیا یا افریقہ میں ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

اگر قطر کی بولی کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ اولمپکس کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن جائے گا۔ جب کہ اس سے قبل 2030 میں اس نے ایشین گیمز کی بھی میزبانی کرنی ہے۔

اولمپک گیمز کی تاریخ

واضح رہے کہ اولمپک گیمز دنیا میں کھیلوں کا مقبول ترین میلہ ہے جس کی تاریخ قبل از مسیح ملتی ہے اور 776 قبل مسیح میں پہلے اولمپک گیمز کھیلے گئے تھے۔ لیکن جدید اولمپکس کا احیا 1896میں ایتھنز کے مقام پر ہوا۔

جدید اولمپک کے بانی فرانس کے ’’ بیرن پیری ڈی کوبرٹن‘‘ تھے جنہوں نے اچھوتا آئیڈیا 1894میں پیش کیا اور اسے پیرس میں 1900میں کرانے کی پیشکش کی۔ لیکن اولمپک میں شامل34 ممالک اس نئے تصور سے اس قدرمتاثر ہوئے کہ انہوں نے کہا کہ اسے پہلے ہی یعنی 1896میں ہی ایتھنز کے مقام پر کرادیا جائے۔

قدیم اولمپکس میں اولمپک مشعل نہیں ہوتی تھی۔ تاہم اولمپک مشعل کا آئیڈیا 1928 میں ہونے والی ایمسٹرڈیم اولمپکس میں کیا گیا۔ جس کے بعد یہ مستقل ایونٹ بن گیا۔ جدید اولمپک مشعل برلن میں 1936 میں متعارف کرائی گئی جبکہ اولمپک حلف پہلی مرتبہ 1920میں اٹھایا گیا۔