عمان (24 اگست 2025) سلطنت عمان رواں ماہ کے اختتام پر 31 اگست کو ایک پرکشش آفر کے ساتھ گولڈن ویزا پروگرام کا آغاز کر رہی ہے۔
ویزا اور امیگریشن سے متعلق مزید خبریں
گلف نیوز کے مطابق سلطنت عمان کی جانب سے 31 اگست سے نیا گولڈن ویزا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سرمایہ کاروں کو طویل مدت کی رہائش کی پیشکش کی جائے گی۔
عمان کی جانب سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے گولڈن ویزا پروگرام کے ساتھ ڈیجیٹل تجارتی اصلاحات کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
یہ اعلان صلالہ میں ہونے والے ایک پروگرام میں کیا جائے گا، جو ذوفر کے گورنر سید مروان بن ترکی السید کی سرپرستی میں ہوگا۔ اس تقریب میں سلطان قابوس یونیورسٹی، جرمن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، عمان انرجی ایسوسی ایشن، اور ایبینا کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
عمان کی وزارت برائے فروغ تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے مطابق یہ پروگرام "المجیدہ کمپنیز” کے ساتھ شروع کیا جائے گا، جو اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی عمانی فرموں کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اور "عمان بزنس” پلیٹ فارم کے ذریعے تجارتی رجسٹریشن کی الیکٹرانک منتقلی کو فعال کرنے والی ایک نئی سروس ہے۔
وزارت کے منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر جنرل مبارک بن محمد الدوہانی نے کہا کہ گولڈن ویزا پروگرام اور اس کے ساتھ اصلاحات کا مقصد سرمایہ کاروں کو طویل مدتی استحکام اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے، جبکہ عمانی کاروباری اداروں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کے لیے ترغیبات پیش کرنا ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمان کے خلیجی ہمسایہ ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے کاروباریی افراد اور سرمایہ کاروں کو طویل مدتی رہائش کے حقوق کی پیشکش کرکے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کی ہے۔