سلطنت عمان: نئے ویزوں کا اجرا معطل

عمان

سلطنت عمان کی جانب سے بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے تمام زمروں کے ویزوں کا اجراء آج سے معطل کردیا گیا ہے، یہ بات رائل عمان پولیس کی جانب سے بتائی گئی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق رائل عمان پولیس نے سیاحتی اور وزٹ ویزوں پر عمان پہنچنے والے تارکین وطن کے لیے ”ویزا کی تبدیلی” کی معطلی کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل وزٹ ویزے پر سلطنت عمان میں داخل ہونے والے تارکین وطن اپنی حیثیت کو ملازمت کے ویزوں میں تبدیل کر سکتے تھے۔ تاہم، اب انہیں ملک سے باہر نکلنا اور ورک ویزا پر اپنی واپسی کو یقینی بنانا ہوگا۔

رائل عمان پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کچھ قسم کے ویزوں کے حصول کے لیے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے، سلطنت میں آنے والی تمام قومیتوں کے لیے تمام قسم کے سیاحتی اور وزٹ ویزوں کو ورک ویزوں میں تبدیل کرنے کی معطلی کا اعلان کیا گیا ہے۔

عمان کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے ہر قسم کے نئے ویزوں کا اجراء منگل (31 اکتوبر 2023) سے اگلے نوٹس تک نافذ العمل ہے۔

اس سے قبل سلام ایئر، عمان کی پہلی بجٹ ایئر لائن کی جانب سے بڑا اعلان سامنے آیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ یکم اکتوبر سے بھارت اور وہاں سے عمان کیلئے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سلام ایئر فی الحال ہندوستان کے چار شہروں کیلئے اپنی سروس فراہم کرتی ہے، جن میں جے پور، لکھنؤ، کوزی کوڈ اور ترواننت پورم شامل ہیں۔

یہ عمان میں موجود ہزاروں ہندوستانی تارکین وطن کے لئے ایک قابل عمل اور سستے سفر کے آپشن کے طور پر جانا جاتا ہے۔

دبئی میں ایئر لائن کے رابطہ مرکز کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ سلام ایئر کے فجیرہ ہوائی اڈے سے جے پور، لکھنؤ اور ترواننت پورم کے رابطے بھی پروازوں کی معطلی سے متاثر ہوں گے۔