نائیجیریا میں بھی اومیکرون کے 3 کیسز رپورٹ

ابوجا: کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا مختلف ممالک میں پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، نائیجیریا میں بھی 3 کیسز سامنے آگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 3 کیسز سامنے آگئے، حکام کا کہنا ہے کہ اومیکرون جنوبی افریقہ سے آنے والے 3 مسافروں میں پایا گیا۔

دوسری جانب جاپان میں بھی اومیکرون کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد نئے ویرینٹ سے متاثر کیسز کی تعداد 2 ہوگئی۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ سے شروع ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون اب تک متعدد ممالک میں پھیل چکی ہے جن میں آسٹریا، بیلجیئم، چیک ری پبلک، اٹلی، جاپان، اسرائیل، نیدر لینڈز، پرتگال اور سعودی عرب شامل ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اومیکرون نے انہیں حیران کر دیا ہے، اس میں 50 تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں، سب سے زیادہ خطرناک سمجھی جانے والی قسم ڈیلٹا میں صرف 2 تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اومیکرون میں موجود مخصوص اسپائک پروٹین میں 30 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔