دلہن کی رخصتی کے موقع پر اس کا بھائی قتل

دلہن کی عین رخصتی کے موقع پر اس کے بھائی کو دولہا کے رشتے داروں نے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا جس کے باعث تقریب سوگ میں بدل گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حیران کن مگر انتہائی افسوسناک واقعہ شمالی لبنان کے شہر طرابلس میں پیش آیا جہاں نکاح کے بعد دلہن کی رخصتی کی تیاریاں جاری تھیں کہ اسی دوران دولہا کے رشتے داروں نے فائرنگ کرکے دلہن کے بھائی کو ہلاک کر دیا۔

اچانک پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے کے بعد شادی کی تقریب سوگ میں بدل گئی جب کہ دلہن کو اس قدر صدمہ پہنچا کہ وہ بے ہوش ہو کر عین سڑک پر ہی گر گئی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دلہن کا بھائی بہن کو اپنی گاڑی میں شادی ہال لے جانا چاہتا تھا تاہم دولہا کا بھائی نہ مانا۔ اسی معمولی بات پر پہلے نوک جھونک ہوئی جس نے خونیں جھگڑے کی شکل اختیار کرلی اور مخالف فریق نے فائرنگ کرکے دلہن کے بھائی مومن البیروتی کو قتل کر دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورس کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کر دی ہے۔