ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے سیاسی گہما گہمی تیز ہوگئی ہے اور کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کے دوسرے روز کئی بڑے سیاستدانوں نے فارم حاصل اور جمع کرا دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کیلیے سیاسی گہما گہمی تیز ہو گئی ہے۔ جمعرات کو کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کے دوسرے روز نواز شریف، شہبازشریف، مریم نواز، آصف زرداری، خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، جہانگیرترین، علیم خان، چوہدری نثار، شیخ رشید، آفتاب شیر پاؤ سمیت کئی سیاسی رہنماوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جب کہ متعدد نے جمع بھی کرائے شیڈول کے مطابق کل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 اور این اے 15 مانسہرہ سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے لاہور این اے 123 اور کراچی این اے 242 سے نامینیشن فارم حاصل کیے۔ مریم نواز نے این اے 119 لاہور اور حمزہ شہباز نے این اے 118 لاہور سے فارم حاصل کیے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی تین حلقوں لاہور، میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن میں حصہ لیں گے تاہم ان کی جانب سے تاحال کسی نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل نہیں کیے ہیں۔
آصف زرداری نوابشاہ اور بلاول بھٹو لاڑکانہ سےالیکشن لڑیں گے۔ خورشید شاہ نے این اے 201 سکھر سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سےمیدان میں اتریں گے۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔ سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان شاہ، راجا خرم نواز، سید ظفر علی شاہ نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔
آج جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان میں چوہدری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں این اے 53 اور پی پی 10 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ آفتاب شیر پاؤ نے این اے 25 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ مصطفیٰ نواز کھوکر نے این اے 47 اور 48 سے بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کے پی سے شبینہ گل پی ٹی آئی اور دینا ناز پیپلز پارٹی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے عابدہ راشد نے مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ مسلم لیگ ن کے سردار رمیش سنگھ نے اقلیتی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ن لیگ کی تہمینہ دولتانہ نے لاہور سے خواتین کی مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے پی کے مطابق خیبر پختونخوا سے مخصوص نشستوں کے لیے 300 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جن میں سے اقلیتی نشستوں کے لیے 100 سے زائد فارم حاصل کیے گئے۔ 20 امیدواروں نے جنرل نشستوں کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق جمعہ 22 دسمبر شام ساڑھے چار بجے تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں جس کے بعد ہفتہ 24 دسمبر کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 11 صفحات پر شمتل کاغذات نامزدگی انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں ہے جو 100 روپے جمع کراکے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ایک امیدوار زیادہ سے زیادہ 5 کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ جماعتیں دستور میں عوامی حقوق کو سر بلند رکھیں گی۔ امیدوار قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں گے۔ ملکی خود مختاری، سالمیت اور سلامتی کے خلاف کوئی اظہار، عدلیہ اور افواج کی شہرت کو نقصان پہنچانےوالا عمل نہ کریں۔
سیاسی جماعتیں فرقہ ورانہ تقریروں سے اجتناب کریں۔ امیدوار الیکشن میں حصہ لینے یا دستبردار ہونے کی ترغیب کے لیے رشوت سے گریزکریں، امیدواروں کے انتخاب میں خواتین کی 5 فیصد نمائندگی یقینی بنائیں۔ سیاسی جماعتیں میڈیا کے خلاف ہر قسم کے تشدد سے کارکنوں کوروکیں گی۔ جلسوں، پولنگ والے دن ہتھیارکے استعمال اور نمائش پر پابندی ہو گی۔