سال 2020 میں حج پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے تشویشناک خبر آگئی

اسلام آباد : وزارت مذہبی امور نے حج مہنگا کرنے کا اعتراف کرلیا اور بتایا رواں سال حج پیکج میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے، جس سے نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار اور ساوتھ ریجن کا پیکج 5 لاکھ 45 ہزار ہوگا۔

وزارت کی طرف سے قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور میں بتایا گیا کہ رواں سال حج پیکیج میں ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے ، وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی عدم حاضری پر چئیرمین کمیٹی نے اجلاس ملتوی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر عبدالغفور حیدری کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا، چئیرمین کمیٹی کا کہنا تھا تاخیر سے یہ اجلاس ہورہا ہے، آج بھی وزیر مذہبی امور تشریف نہیں لائے۔

سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بتایا اس سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج جارہے ہیں، حج پیکج میں اس سال ایک لاکھ 15 ہزار اضافہ کیا ہے، اس سال نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار تک ہوگا، ساوتھ ریجن کا پیکج 5 لاکھ 45 ہزار ہوگیا ہے۔

سیکریٹری مذہبی امور نے مذید بتایا کہ اس سال روپے کی قدر میں گراوٹ اور ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافہ وجہ بنا ہے۔

مزید پڑھیں : ہماری کرنسی کی صورتحال ایسی نہیں ہے ہم حج سستا کرسکیں، پیر نورالحق قادری

چئیرمین کمیٹی کا کہنا تھا وزیر صاحب آئندہ اجلاس میں ہر حال میں اپنی حاضری یقینی بنائیں، جس پر سیکرٹری وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا میں چیک کرتا ہوں وزیر نے بیرون ملک بھی جانا ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے وزیر کی عدم حاضری کے باعث اجلاس ملتوی کردی۔

یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا تھا کہ ہماری کرنسی کی صورت حال ایسی نہیں ہے ہم حج سستا کر سکیں، پیکج میں اضافے کی وجہ سعودی عرب میں مزید ٹیکس لگنا ہے جبکہ ذرائع مذہبی امور کا کہنا تھا کہ رواں برس حج 5 لاکھ روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے جبکہ اس سال سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو سے 26 سو 50 ریال کردیے ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے تھے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے تھے۔