اسلام آباد : صرف ایک ماہ کی مہمان حکومت نے980 ارب روپے کے منصوبے منظور کرلیے، ایکنک کے اجلاس میں منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، جس میں صرف ایک ماہ کی مہمان حکومت نے 980 ارب روپے کے منصوبے منظور کرلیے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم کے قومی پروگرام زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی منظوری دی ، ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے 377 ارب کا روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کا نظرثانی شدہ پروگرام ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے ، منصوبے سے ملک بھر کے ایک لاکھ ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے۔
سندھ سولر انرجی منصوبے کیلئے 27 ارب 41 کروڑ سے زائد کے فنڈز منظور کئے گئے جبکہ خیبر پختونخوا میں دیہی سرمایہ کاری اینڈ انڈسٹریل سپورٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔
منصوبے پر 30 کروڑ ڈالر عالمی بینک فراہم کرے گا، منصوبے پر خیبر پختونخوا کی حکومت 29 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔
مہمند ڈیم کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کا 14 ارب 31 روپے سے زائد کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا ، مہمند ڈیم سے قومی گرڈ کو 800 میگا واٹ بجلی فراہم ہوسکے گی۔
اجلاس میں لاہور، کالا شاہ کاکو بائی پاس کا 34 ارب 44 کروڑ روپے سے زائد کا منصوبہ اور پولیو کے خاتمے کیلئے 1 ارب 78 کروڑ ڈالر سے زائد کا منصوبہ منظور کرلیا گیا ہے۔