آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو منہ توڑجواب دینے والے فوجی افسروں، جوانوں کو اعزازات سے نوازاگیا

آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو منہ توڑجواب دینے والے افسروں اور جوانوں کو یوم آزادی کی تقریب میں فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ صدر مملکت نے تینوں مسلح افواج کے 488 افسروں و جوانوں کو اعزازات دیے، صدر آصف زرداری نے 8 افسروں و جوانوں کو ستارہ جرات سے نوازا، 5 افسروں و جوانوں کو تمغہ جرات، 24 کو ستارہ بسالت، 45 کو تمغہ بسالت سے نوازا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 146 کو امتیازی اسناد، 259 کو آرمی چیف تہنیتی کارڈ اور ایک کو تمغہ امتیاز ملٹری سے نوازاگیا، شہدا کے ایوارڈ ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ستارہ بسالت حاصل کرنے والوں میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھی ستارہ بسالت حاصل کیا، لیفٹیننٹ جنرل نعمان ذکریا، لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کو بھی ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال اور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز کو بھی ستارہ بسالت کا اعزاز دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ستارہ بسالت حاصل کرنے والوں میں ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد بھی شامل ہیں، وائس ایڈمرل راجہ رب نواز کو بھی ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔