اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی کا اراکین کی حلف برداری کے حوالے سے اہم اعلان

اراکین کی حلف برداری کیلیے چیف جسٹس کو درخواست دیںگے، اپوزیشن لیڈر کے پی

پشاور (20 جولائی 2025): اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ نے اراکین کی حلف برداری کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا۔

اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم کی جانب سے کورم پورا نہ ہونے کی صورت میں اجلاس 24 جولائی 2025 تک ملتوی کرنے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی نابالغ 12 سال سے صوبے میں بیٹھے ہیں جو غیر آئینی کام کیلیے رات 12 بجے بھی اجلاس بلا لیتے ہیں، اگر یہ اپنا کام پورا کرتے تو ہمیں عدالت جانے کی ضرورت نہ پڑتی۔

یہ بھی پڑھیں: کورم پورا نہ ہونے پر کے پی اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی

ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے سینیٹ میں کے پی کی نمائندگی نہیں ہے، صوبہ جس کے حوالے ہے وہ سیاسی نابالغ ہیں، کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سینیٹ کے الیکشن طے شدہ فارمولے کے تحت ہوں گے، اس حوالے سے کے پی کا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں، سینیٹ کیلیے مذاکرات امیدواروں سے نہیں پارٹی رہنماؤں سے ہوئے، بلامقابلہ الیکشن ہوتے ہیں تو اچھی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عجیب جماعت ہے سب کے مختلف بیانات ہیں، اس میں کون لیڈر ہے آپ کس کی بات مانیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر ابھی حلف برداری نہیں ہوئی تو بعد میں ہو جائے گی، مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کوئی نہیں روک سکتا۔