قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ زراعت سے متعلق حکومتی دعوے غلط ہیں اور اب چاول کا بحران بھی آئے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا۔ ملکی تاریخ میں کم ترین سرمایہ کاری ہوئی ہے اور گروتھ ریٹ نیچے جائے گا۔
عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے کئی اعداد وشمار مصنوعی طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے ہیں۔ ڈالر کو بھی مصنوعی طور پر 275 روپے پر رکھا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو فائدہ نہیں مل رہا۔ بجٹ کے بعد اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے امپورٹس کو محدود رکھا، جس سے بجلی کا بحران ہے۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی چوری نہیں بلکہ بجلی پیدا نہ کرنے کی وجہ سے ہو رہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہتک عزت قانون آزادی صحافت کیلیے زہر قاتل ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر فائر والز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔