وزیر خارجہ کے رویے پر اپوزیشن کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آوٹ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے رویے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران امریکا کشیدگی پر پالیسی بیان دیا اور صورتحال کا تفصیل سے احاطہ کیا۔

وزیر خارجہ کی تقریر کے بعد پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی راجا پرویز اشرف اظہار خیال کرنے لگے تو شاہ محمود قریشی نشست سے اٹھ گئے اور ایوان سے باہر جانے لگے، راجا پرویز اشرف نے انہیں روکنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ صاحب ہم نےآپ کی تقریر ساڑھے3 گھنٹےسنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ اور بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے’

جس پر وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ میں گھر کےکام سےنہیں جارہا ریاست کےکام سےجارہاہوں۔

شاہ محمود قریشی کے جواب میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بارڈرپرآگ لگی ہوئی ہے لوگوں کےجذبات ہیں اور آپ سارے ایوان کو ڈانٹ کر چلےگئے،ہم نے کونسی نقطہ چینی کی ہے؟ یہ بہت غیرذمہ داری کی بات ہم اس پراحتجاج کرتےہیں، ہمیں بات نہیں کرنےدی اس پر واک آؤٹ کرتاہوں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے رویے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا جس کے بعد اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔