ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے ایئر پورٹ پر ماں کی گود سے گر کر جاں بحق ہونے والی بچی کی موت کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیڑھیوں سے چار سالہ بچی عنایا اکبر کے گرنے کے حادثے پر وفاقی وزیر غلام سرور نے نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد ایئر پورٹ کے منیجر سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام ایئرپورٹ کے برقی زینے جہاں سے عنایا اکبر گری

وفاقی وزیر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیے، ذرایع کا کہنا ہے کہ غلام سرور خان جاں بحق ہونے والی بچی کے گھر بھی جائیں گے، جاں بحق بچی عنایا اکبر فتح جنگ کی رہایشی تھی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق بچی سیڑھیاں اترتے وقت ماں کے ہاتھوں سے گری تھی، حادثاتی طور پر واقع پیش آیا، اسلام آباد ایئر پورٹ کی برقی سیڑھیوں کو محفوظ بنائیں گے تاکہ آیندہ ایسا حادثہ نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ معصوم بچی کی موت کا انتہائی افسوس ہوا، اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیڑھیوں سے چار سالہ بچی گر کر جاں بحق ہو گئی تھی، بچی کو تشویش ناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم بچی جاں بر نہ ہو سکی۔

ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون جاری ہوا تھا۔