راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ منظم کوششوں سے پولیوکا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکےگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ادارے روٹری انٹرنیشنل کی ٹیم نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ہیلتھ کیئر بالخصوص پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کی منظم کوششوں سے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں صحت کے شعبے میں روٹری انٹرنیشنل کی خدمات کو بھی سراہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں مزید 3 پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیو کیسز کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان سے ہے۔
رواں برس کے پہلے ماہ میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی، پولیو کیسز کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان سے ہے۔