لاپتا لیڈیز کے بعد ایک اور ہندی فلم آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

لاپتا لیڈیز کے بعد ہندی فلم سنتوش بھی آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

ممبئی: بلاک بسٹر بالی وڈ فلم ’لاپتا لیڈیز‘ کے بعد ایک اور ہندی فلم ’سنتوش‘ کو آسکر ایوارڈز 2025 کیلیے دوڑ میں شامل کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’سنتوش‘ 17 جولائی 2024 کو برطانیہ میں ریلیز کی گئی تھی جس کی ہدایت کار سندھیا سوری ہیں۔ اسے بافٹا کی طرف سے آسکر ایوارڈز کیلیے منتخب کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی سنتوش نامی بیوہ کے گرد گھومتی ہے جسے شوہر کی موت کے بعد شمالی انڈیا کے دیہی علاقوں میں پولیس کانسٹیبل کی نوکری وراثت میں ملتی ہے۔ جب ایک لڑکی کی لاش ملتی ہے تو سنتوش کو اس کی تحقیقات کیلیے شامل کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب، ’لاپتا لیڈیز‘ کی کہانی بھارت میں لڑکیوں کی کم عمری میں ہونے والی شادی اور اس کے بعد ان کی زندگی میں درپیش مشکلات کی عکاسی کرتی ہے۔

آسکر ایوارڈ میں بھارت کی نمائندگی کیلیے 29 فلموں کا جائزہ لیا گیا تھا اور فیصلہ ہوا تھا کہ ’لاپتا لیڈیز‘ کو بھیجا جائے گا۔ کرن راؤ کی فلم رواں سال ہی ریلیز کی گئی جس نے دیکھنے والوں کو خوب لطف اندوز کیا ہے۔

جن 29 فلموں کا جائزہ لیا گیا ان میں ’لاپتا لیڈیز‘ کے علاوہ اینیمل، کالکی 2898، تنگلان، جورم اور دیگر کئی ہٹ فلمیں شامل تھیں۔

آسام کے ڈائریکٹر جہنو بروا آسکر میں فلم کی باضابطہ انٹری پر 12 رکنی جیوری کے چیئرمین ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ جیوری کو ایسی فلم کی تلاش تھی جو بھارتی معاشرے پر فلمائی گئی ہو اور جو دنیا کے سامنے ملک کا نقطہ نظر پیش کر سکے۔