لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارے لیڈر نواز شریف ہی ہیں ان کے بعد شہباز شریف، ابھی تک پارٹی کی لیڈر شپ نواز شریف کے پاس ہی ہے۔ نواز شریف جلد واپس آئیں گے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھیریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان کے کیس سے متعلق چند دن میں سب کو پتہ چل جائے گا، گیمز کھیلنے یا دیکھنے کا ٹائم نہیں ملتا سیاسی گیم اسمبلی میں کھیلتا ہوں۔
ایاز صادق نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی کارکردگی بہت اچھی ہے، چوہدری نثار ن لیگ کے سینئر لیڈر ہیں اور رہیں گے۔ مجھے چوہدری نثار نے کہا میری پارٹی ن لیگ اور قائد نواز شریف ہیں، جس دن پاناما کا فیصلہ آیا چوہدری نثار نواز شریف کے ساتھ تھے
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں داعش کے بینرز کس نے لگائے اس کی فوری تحقیقات کرنی چاہئے، دہشت گرد تنظیموں سے متعلق باتیں تشویشناک ہیں، آرمی چیف سے بات کی ہر سیاست دان کو مل کر دہشت گردی سے لڑنا ہے۔ ہم سب کو چوکنا ہونا پڑے گا، جان کا نذرانہ پیش کرکے ملک کو محفوظ بنانے والے شہداء کے لیے دعا کریں۔
ایاز صادق نے کہا کہ پرویز مشرف کو آصف زرداری کا پتہ تھا، مشرف آرمی چیف اور صدر تھے تو اس وقت انکشاف کیوں نہیں کیا، ہم لوگ روز الیکشن لڑ رہے ہیں ہم تیار رہتے ہیں، آئین میں عبوری حکومت کی گنجائش نہیں۔