ہمارا خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، شاہ محمود قریشی

سٹیزن پورٹل

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خطے کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر رہا ہوں، ہمارا خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احسان اللہ ٹوانہ کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی امور خارجہ کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ وزیرخارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے متعلق خصوصی بریفنگ دی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کے لیے ہمارے روابط جاری ہیں، خطے کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر رہا ہوں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ کسی جنگ کامتحمل نہیں ہوسکتا، کشیدگی کے اثرات خطے پر پڑیں گے،افغان امن عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی نے واضح طور پر کہا ہماری سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ روز کا بیان انتہائی واضح اور دو ٹوک تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا اور امن کے لیے کوششیں کرے گا۔

پوری کوشش ہے سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں، وزیراعظم

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ہنرمند پاکستان منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرائیں۔