اوول : انگلش ٹیم معین علی کی شاندار سنچری کی بدولت گر کر سنبھل گئی۔ معین علی نے شاندار 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 328رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔
سہیل خان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض نے تین جبکہ محمد عامر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 3 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر بنائے۔
تفصیلات کے مطابق اوول ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ابتدا میں ہی انگلش ٹیم کے اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز 6 ربز بنا کر محمد عامر کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔
ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کرنےآنے والے بلے باز جو روٹ بھی 26 رنز بنا کر کپتان ایلسٹر کک کا ساتھ چھوڑ گئے انہیں وہاب ریاض نے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
تیسرے پویلین لوٹنے والے کھلاڑی کپتان کک تھے جنہیں سہیل خان نے 35 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ جیمز ونس بھی صرف ایک رن بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
معین علی اور جونی برسٹو نے چھٹی وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا، جونی برسٹو 55 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے لیکن معین علی نے کرس ووکس کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد ووکس کو سہیل خان نے 45 رنز پر آؤٹ کیا.
ایک گیند بعد براڈ کو بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ کیا اس دوران معین علی نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ سہیل خان نے اسٹیون فن کو 8 اور معین علی کو 108 رنز پر آؤٹ کر کے اننگز میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔
پاکستان کی جانب سے سہیل خان5، وہاب ریاض 3 جب کہ محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر قومی ٹیم نے 3رنز ایک کھلاڑی کے نقصان پر بنائے۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرنے والے سمیع اسلم چوتھے ٹیسٹ میچ میں اسٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے صرف 3 رنز بنائے جبکہ اظہر علی صفر رنز پر کریز پر موجود ہین۔ پاکستان اپنی نامکمل اننگز کا آغاز آج 3رنز سے دوبارہ کرے گا ۔