اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر

صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کے لیے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے 9 ارب 88 کروڑ 96 لاکھ روپے کی منظوری دیدی گئی۔

لاہور میں صوبائی ترقیاتی ورکنگ کمیٹی کا دسواں اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پروگرام برائے روشن گھرانہ کیلئے 9 ارب 50 کروڑ روپے بھی منظور ہوئے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اسکولز میلز پروگرام کیلئے 6 ارب 1 کروڑ 12 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

صوبائی ترقیاتی ورکنگ کمیٹی اجلاس میں 50 ارب 76 کروڑ کے فنڈزکی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ پلانٹ فار پاکستان پروگرام کیلئے 8 ارب منظور کیے گئے۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے اجلاس کی صدارت کی جس میں سیالکوٹ مرالہ بیرج کے کالونی پروٹیکشن بند کی توسیع کیلئے 3 ارب 16 کروڑ منظور ہوئے۔

وزیراعلیٰ ایگرو فاریسٹ فار فاریسٹ ویسٹ پروگرام کیلئے 1 ارب روپے منظور کیے گئے، پنجاب میں کیکڑے کی فارمنگ کیلئے 8 ارب 53 کروڑ 4 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

لاہورمیں قائداعظم انٹر چینج تا واہگہ بارڈر جی ٹی روڈ مرمت و بحالی کیلئے 3 ارب 28 کروڑ منظور ہوئے، شیخوپورہ میں کچہری رسول نگرروڈ پر انڈر پاس کی تعمیر کیلئے 1 ارب 39 کروڑ 7 لاکھ روپے منظور ہوئے۔

اجلاس میں سیکریٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹرآصف طفیل نے شرکت کی، اجلاس میں ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔