Blog

  • بھارت سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ :  اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم قرار

    بھارت سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ : اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم قرار

    لاہور : ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اگلے 24 سے 48 گھنٹے ہمارے لئے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج شام تک ہیڈ محمد والا پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، اگر ہیڈ محمد والا کو بریچ کرنا پڑا تو 16 موضع جات متاثر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی طرف سے آنیوالے پانی کے ریلے کی اطلاع دی گئی ہے، ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے،پانی کا فلو مسلسل بڑھ رہا ہے اور بارشوں کے باعث ریسکیو کام متاثر ہوا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیڈ محمد والا کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور شام تک اس مقام پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، اگر ہیڈ محمد والا کو بریک کرنا پڑا تو 16 موضع جات زیرِ آب آ سکتے ہیں جبکہ 7 سے 10 ہزار کے قریب گھر متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ دریائے ستلج کا پانی پنجند کے مقام پر آ کر جمع ہوگا جہاں یہ باقی دریاؤں کے پانی سے ملے گا، پانی پہلے ہی بہاولنگر اور بہاولپور کے اضلاع میں داخل ہو چکا ہے، انڈیا سے آنے والا تمام پانی اس وقت پاکستان میں داخل ہو رہا ہے۔

    ڈی جی نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی تربیلا ڈیم کے اسپل ویز دوسرے حصے میں کھولے گئے تھے اور آنے والے 24 سے 48 گھنٹے صورتحال کے لحاظ سے نہایت اہم ہیں، پانی کے بہاؤ کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، افواجِ پاکستان اور تمام ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی خطرناک صورتحال میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں 395 ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

  • برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    لندن (02 ستمبر 2025): برطانیہ نے افغانستان زلزلہ متاثرین کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے پیر کی شام افغانستان میں ہلاکت خیز زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ایک ملین پاؤنڈ کے ہنگامی پیکج کا اعلان کیا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی امدادی کوششوں کو سہارا فراہم کیا جا سکے، اس امداد میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں، ایمرجنسی ہیلتھ کِٹس، اور بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی ٹیمیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں موجودہ اسپتالوں اور کلینکس پر زچگی کی صحت کی دیکھ بھال اور نفسیاتی مدد بھی فراہم کریں گی۔

    افغانستان زلزلہ

    اتوار کی شب مشرقی افغانستان میں مہلک زلزلہ آیا، جس نے صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں سیکڑوں افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں، طالبان حکومت کے مطابق زلزلے میں 800 سے زائد افراد کی زندگیاں تلف ہو گئی ہیں۔ حکومت نے اقوام عالم سے امداد کی اپیل بھی کی ہے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    زلزلے کے بعد بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی امدادی اداروں نے فوری امداد کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، اور عارضی رہائش شامل ہیں۔ دنیا بھر کے رہنماؤں اور ممالک نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، اور متعدد ممالک نے افغانستان کو اس آفت کے بعد سنبھلنے میں مدد دینے کے لیے اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    افغان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد گاؤں مکمل تباہ ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، اور ان کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

  • بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو کیسے ڈھونڈا؟

    بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو کیسے ڈھونڈا؟

    (2 ستمبر 2025): بھارتی ریاست اتر پردیش میں بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو ڈھونڈ لیا مگر اس کہانی میں ایک ایسا موڑ ہے جس نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق شیلو نامی خاتون نے جتیندر کمار نامی شخص سے شادی کی لیکن شوہر شادی کے ایک سال بعد پُراسرار طور پر لاپتا ہوگیا تھا۔

    شیلو اور جتیندر کمار کے درمیان شادی کے فوراً بعد تعلقات خراب ہونے لگے تھے کیونکہ سسرال میں خاتون سے اضافی جہیز اور سونے کی چین اور انگوٹھی کا مطالبہ کیا جانے لگا تھا۔

    مطالبہ پورا نہ ہونے پر بالآخر شیلو میکے چلی گئی کیونکہ اسے زبردستی گھر سے نکالا گیا تھا۔ شیلو کے اہل خانہ نے پولیس میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

    کیس کی تحقیقات کے دوران خاتون کا شوہر جتیندر کمار اچانک لاپتا ہوگیا۔ 2018 میں اس کے لاپتا ہونے کی شکایر پولیس میں درج کروائی گئی لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    حال ہی میں جتیندر کمار کی بیوی انسٹاگرام استعمال کر رہی تھیں جب انہوں نے ایک ریل میں شوہر کو نامعلوم خاتون کے ساتھ دیکھا۔

    بیوی نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ جتیندر کمار جان بوجھ کر غائب ہوا تھا اور اس نے دوسری شادی کر رکھی ہے۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شیلو کے شوہر کو گرفتار کر لیا جو اس وقت حراست میں ہے، پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • ٹریفک خلاف ورزیوں پر 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئی

    ٹریفک خلاف ورزیوں پر 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئی

    سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک کی جانب سے متعدد خلاف ورزیوں پر مختلف شہروں سے 7 ہزار 304 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئی ہیں

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 24 اگست 2025 سے 30 اگست 2025 تک مختلف شہروں سے ہزاروں موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں ریاض ریجن میں ضبط ہوئی ہیں جن کی تعداد 3791 ہے۔

    جدہ ہے سے 2118 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں جبکہ مشرقی ریجن سے 602 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔

    محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل ضبط ہوگی اور یہ کسی بھی حال میں ناقابل واپسی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

  • محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے بھارتی بلے باز روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران روہت شرما کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    یو اے ای کے کپتان نے 54 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 110 چھکے لگاکر روہت شرما کا ریکارڈ توڑا، روہت نے بحیثیت کپتان 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔

    واضح رہے کہ بطور بلے باز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اب بھی روہت کے پاس ہے جنہوں نے 159 میچز میں 205 چھکے لگائے ہیں۔

    یو اے ای کے کپتان محمد وسیم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انہوں نے 80 میچز میں 176 چھکے لگائے ہیں۔

    مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    گزشتہ روز شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 67 رنز بنائے تھے، جس میں 6 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

    یو اے ای کی ٹیم محمد وسیم کی شاندار بیٹنگ کے باوجود 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز اسکور کرسکی۔

  • جھانوی کپور سری دیوی کی کس فلم کے ریمیک میں جلوہ گر ہوں گی؟

    جھانوی کپور سری دیوی کی کس فلم کے ریمیک میں جلوہ گر ہوں گی؟

    ممبئی (2 ستمبر 2025): نوجوان بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور آنجہانی والدہ سری دیوی کی مشہور زمانہ فلم کے ریمیک میں جلوہ گر ہونے والی ہیں۔

    انڈین میڈیا کے مطابق جھانوی کپور اس وقت اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پرم سندری‘ کی باکس آفس پر کارکردگی کا مشاہدہ کر رہی ہیں۔

    جھانوی کپور مبینہ طور پر مشہور فلم ’چال باز‘ کے ریمیک میں کام کرنے والی ہیں جس میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی نے ڈبل رول ادا کیا تھا۔

    فلم چال باز کے ریمیک کا اعلان اس سے قبل شردھا کپور کے ساتھ مرکزی کردار میں کیا گیا تھا لیکن فلم پر کام کبھی شروع نہیں ہو سکا۔

    یہ بھی پڑھیں: فلم ڈائریکٹر کا سری دیوی کی خوبصورتی سے متعلق حیران کن انکشاف

    اب رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جھانوی کپور اس فلم میں کام کریں گی۔

    پیشرفت سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ جھانوی کپور کیلیے چال باز صرف ایک فلم نہٰں بلکہ اس سے بڑھ کر جذبات ہیں، وہ اس میں مرکزی کردار ادا کرنے کیلیے اپنا ذہن بنا چکی ہیں لیکن انتہائی احتیاط کے ساتھ قد اٹھا رہی ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ بالی وڈ کی نوجوان اداکارہ فلم چال باز کے ریمیک کیلیے اپنے اردگرد کے لوگوں سے مشورہ کر رہی ہیں کیونکہ وہ پُرجوش ہیں، توقع ہے وہ ستمبر کے آخر تک ریمیک کے بارے میں باضابطہ بات کریں گی۔

    فلم پرم سندری کے بعد ان کی نظر اپنی اگلی فلم کی ریلیز پر ہے جس میں ورون دھون، سانیا ملہوترا اور روہت صراف شامل ہیں۔

    وہ اور ورون دھون کی فلم کا ٹیزر حال ہی میں ڈراپ کیا گیا اور اسے ناظرین کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ ان کی رام چرن کے ساتھ بھی ایک فلم آنے والی ہے۔

  • سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کی اجازت مل گئی

    سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کی اجازت مل گئی

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے تشدد اور دھمکانے کے کیس میں صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی  ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی اور دیگر کے خلاف تشدد اور دھمکانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر محمد وسیم، ملزم فرحان غنی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اے ٹی اے کی دفعہ حذف کرنے کی درخواست دی گئی ہے تو پھر یہ دفعہ لگائی ہی کیوں گئی؟ عدالت نے کہا کہ دفعہ انسداد دہشت گردی کی بجائے سیدھا مجسٹریٹ کے پاس بھیجی جانی چاہیے تھی۔

    جس پر وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ مجسٹریٹ کو آرڈر کیا جائے تاکہ وہ معاملے کو دیکھ سکے۔

    سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ ان کے موکل کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانا ہے، اس لیے انہیں اجازت دی جائے، عدالت نے فرحان غنی سے پوچھا کہ وہ کب جا رہے ہیں اور کب واپس آئیں گے، جس پر ملزم نے بتایا کہ وہ کل صبح روانہ ہوں گے اور 19 ستمبر کو وطن واپس آ جائیں گے۔

    عدالت نے اس پر ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت 20 ستمبر کو رکھی جاتی ہے، تاہم ملزم کی درخواست پر سماعت پیر 22 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

    عدالت نے وکیل صفائی کی آئندہ سماعت پر ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی زبانی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس رپورٹس پر قانون کے مطابق فیصلہ آئندہ سماعت پر سنایا جائے گا۔

  • وزیر اعظم  کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

    وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

    بیجنگ : وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا آپ نے دنیا بھر کے آٹھ سو ملین افراد کو غربت سے نکلنے میں رہنمائی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی، ملاقات میں ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال،عطا تارڑ، محسن نقوی بھی شریک تھے۔

    ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا آپ نے دنیا بھر کے آٹھ سو ملین افراد کو غربت سے نکلنے میں رہنمائی کی۔

    وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو "طاقت اور استحکام کی علامت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے منصوبے دونوں ممالک کے درمیان ترقی اور تعاون کی مشترکہ مثال ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔۔ پاکستان کے بیس کروڑ سے زائد عوام چین کی دوستی کو اپنے دل کے قریب سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ چین کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجک صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اس کے علاوہ وہ فاشزم کے خلاف جدوجہد کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے تاکہ سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

    یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن، چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

    وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ایس سی او کے لیے تیانجن میں موجود ہونا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔ میں چینی صدر شی جن پنگ کا ان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے قومی دن پر مبارکباد بھی پیش کی۔

  • ملک میں سیلاب سے متاثرہ مراکز صحت کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی

    ملک میں سیلاب سے متاثرہ مراکز صحت کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی

    اسلام آباد (02 ستمبر 2025): ملک میں سیلاب سے ہیلتھ اسٹرکچر کو نقصانات کی رپورٹ وفاق کو موصول ہو گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ مراکز صحت کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے 104 مراکز صحت کو نقصان پہنچا ہے، خیبر پختونخوا، سندھ، اور گلگت بلتستان کا ہیلتھ اسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    سیلاب سے 7 مراکز صحت مکمل تباہ ہو گئے، جب کہ 97 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، کے پی، سندھ، اور گلگت بلتستان میں 7 مراکز صحت مکمل تباہ ہوئے، کے پی میں 3، سندھ میں 2، جی بی میں 2 مراکز صحت مکمل تباہ ہوئے ہیں۔

    کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف

    ذرائع کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 97 مراکز صحت از سر نو بحال کیے جا چکے ہیں، خیبرپختونخوا میں 60 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھروں کو نقصان پہنچا، کے پی میں 32 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے گھر مکمل تباہ اور 28 کو جزوی نقصان پہنچا۔

    سندھ میں 25، پنجاب میں 12 مراکز صحت کو نقصان پہنچا ہے، گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے 7 مراکز صحت کو نقصان ہوا ہے، جی بی میں 2 مراکز صحت مکمل تباہ اور 5 کو جزوی نقصان پہنچا، جب کہ سیلاب سے تباہ شدہ 2 مراکز صحت غیر فعال ہیں۔

  • جوتے میں موجود سانپ نے سافٹ ویئر انجینئر کی جان لے لی

    جوتے میں موجود سانپ نے سافٹ ویئر انجینئر کی جان لے لی

    بھارت کے بنگلورو میں جوتے میں چھپے سانپ کے ڈسنے سے 41 سالہ سافٹ ویئر انجینئر منجو پرکاش جان کی بازی ہار گیا۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سافٹ ویئر انجینئر منجو پرکاش کے جوتے، ’کرُوکس‘ گھر کے دروازے کے باہر رکھے ہوئے تھے، جب وہ گھر سے قریب ایک دکان سے کچھ سامان خریدنے کے لیے باہر گیا تو بغیر دیکھے جوتے پہن لیے، بدقسمتی سے اس وقت جوتوں میں زہریلا موجود تھا، جس نے اسے ڈس لیا۔

    منجو پرکاش کے اہلِ خانہ کے مطابق ان کا بیٹا پہلے بھی ایک حادثے کا شکار ہو چکا ہے جس کے باعث اس کی ٹانگ کی محسوس کرنے کی حِس ختم ہو چکی تھی۔

    اسی باعث منجو پرکاش کو سانپ کے کاٹنے کا احساس نہ ہوسکا اور وہ گھر آ کر آرام کرنے کی غرض سے کمرے میں لیٹ گیا، بعد ازاں گھر کے ایک ملازم نے چپل میں سانپ دیکھ کر منجو کے اہلِ خانہ کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔

    منجو کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ جب سانپ کو چپل سے نکالا تو وہ دباؤ میں آنے کے باعث مر چکا تھا۔

    چوہوں نے اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے بازو کاٹ لیے

    بعد ازاں منجو کے والد نے جا کر بیٹے کو دیکھا تو وہ بستر پر بیہوش پڑا تھا، اس کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی اور ٹانگ سے خون نکل رہا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق منجو پرکاش کے اہلِ خانہ فوری طور پر اسے قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔