Blog

  • سامعہ حجاب کے اغوا کیس کا ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    سامعہ حجاب کے اغوا کیس کا ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا کیس کے ملزم حسن زاہد کو اسلام آباد کی عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    ملزم حسن زاہد کے خلاف دوسرے مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس کو ریمانڈ دیا گیا کیونکہ ملزم نے پہلی ایف آئی آر میں ضمانت حاصل کرلی تھی۔

    حسن زاہد کو اسلام آباد میں مقیم ٹک ٹاکر سامعہ کی شکایت پر ہراساں، حملہ، اغوا کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں دو مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا۔

    سامعہ حجاب  نے دو روز قبل الزام لگایا تھا کہ ملزم نے گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی کوشش کی، اس واقعے میں کیپٹل سٹی پولیس نے فوری کارروائی کی جس کے نتیجے میں مبینہ اغوا کار کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔

    یہ پڑھیں: ثنا یوسف کی دوست سامعہ حجاب کو شادی سے انکار پر اغوا کرنے کی کوشش

    انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ٹک ٹاکر نے بتایا کہ مشتبہ شخص، جس کی شناخت اس نے لاہور سے حسن زاہد کے نام سے کی ہے، اسے کئی مہینوں سے دھمکیاں دے کر اور اس سے شادی کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا۔

    سامعہ  نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ان کی رہائش گاہ کے باہر نمودار ہوا، فون پکڑا، اور انہیں زبردستی اپنی کار میں لے جانے کی کوشش کی۔

    انہوں  نے مقتولہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے حالیہ قتل کا ذکر کیا  جو اس سال کے شروع میں اسلام آباد میں پر قتل کردی گئی، اور کہا تھا کہ اس سے پہلے میری دوست ثنا کی موت اسی وجہ سے ہوئی تھی، میں ثنا نہیں بننا چاہتا۔

    یہ پڑھیں: ٹک ٹاکر سامعہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والا ملزم حسن زاہد گرفتار

    سامعہ حجاب نے پولیس کی جانب سے شکایت درج کرنے اور فوری کارروائی کرنے کی تعریف کی۔

    پولیس کے مطابق، انہیں سامعہ کو دھمکی دینے کے لیے ملزم کا استعمال کیا گیا ہتھیار، جرم کے لیے استعمال ہونے والی دو کاریں، ایک موبائل فون اور 45000 روپے کی نقدی برآمد کرنا ہے جو اس نے اس کے الزامات کے مطابق متاثرہ لڑکی سے چرایا تھا۔

    شالیمار پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یہ ناقابل برداشت فعل تھا کہ کسی نے کسی فرد کو زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی۔

    ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ملزم نے آج صبح ایک بار پھر دھمکی دی کہ اگر میں نے ایف آئی آر واپس نہیں لی تو مجھے جان سے مار دے گا۔

    حجاب نے انکشاف کیا کہ ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا گیا۔ حجاب نے آئی جی اسلام آباد اور ایس ایچ اوز شفقت اور اسحاق کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

    حجاب نے کہا کہ وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ ہر اس لڑکی کے لیے بھی بات کرتی رہے گی جو اس وقت غیر محفوظ محسوس کر رہی ہے۔

  • سیٹ پر کئی بار غلط فعل کا نشانہ بنایا گیا، ایملی اٹیک کا انکشاف

    سیٹ پر کئی بار غلط فعل کا نشانہ بنایا گیا، ایملی اٹیک کا انکشاف

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور کامیڈین ایملی اٹیک نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں سیٹ پر کئی بار جنسی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

    ریولز اینڈ انبیٹوینرز کی اسٹار اداکارہ ایملی اٹیک نے ریڈیو ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے افسوسناک انکشاف کیا ہے کہ سیٹ پر کام کے دوران ان کے ساتھ کئی بار جنسی ہراسانی کے واقعات پیش آئے اور انھیں غلط فعل کا نشانہ بنایا گیا۔

    برطانوی اداکارہ نے بتایا کہ "میرے پورے کیریئر میں کام کے دوران جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، چاہے وہ اصل سیٹ پر ہو، یا ریپ پارٹی میں ہو مجھے اس طرح کے واقعات سے گزرنا پڑا۔”

    اٹیک اس سے پہلے آن لائن جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے اپنے تجربات کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بناچکی ہیں، انھوں نے جنسی حملوں کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

    انھوں نے انٹیمیسی کوآرڈینیٹرز کے بڑھتے ہوئے استعمال کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ سن رہے ہیں اور لازمی طور پر ان کے رویے میں تبدیلی بھی آنی چاہیے۔

    ایملی اٹیک نے کہا کہ وہ ماضی میں ہر وقت خود کو محفوظ نہیں محسوس کرتی رہی ہیں، اب جنسی مناظر کی نگرانی کے لیے پیشہ ور افراد کا ہونا مددگار ہوتا ہے۔

    اس پروگرام میں اٹیک نے انکشاف کیا کہ انھیں روزانہ سینکڑوں بیہودہ تصویریں اور پیغامات بھیجے جاتے تھے اور یہ بھی کہا کہ مردوں کو پتا نہیں کیا چیز اس کےلیے اُکساتی ہے۔

  • افغانستان کے خلاف ہدف کا تعاقب کیوں مشکل ہوا؟ سلمان آغا نے بتا دیا

    افغانستان کے خلاف ہدف کا تعاقب کیوں مشکل ہوا؟ سلمان آغا نے بتا دیا

    قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے افغانستان کے خلاف شکست کی وجہ جلد وکٹیں گرنے کو قرار دے دیا۔

    شارجہ میں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان سے شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ 170 رنز کا ہدف حاصل کرنا چاہیے تھا، ہم نے مڈل اوورز میں زیادہ وکٹیں گنوائیں۔

    انہوں نے کہا کہ جلدی وکٹیں گرنے سے کسی بھی ہدف کا تعاقب مشکل ہوجاتا ہے، بولرز کی کارکردگی کافی اچھی رہی۔

    یہ پڑھیں: سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    دوسری جانب افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشن اور حریف دیکھ کر موقع دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جس کھلاڑی کو بھی موقع دے رہے ہیں وہ پرفارم کررہا ہے، صدیق اور زدران نے زبردست بیٹنگ کی، نور اور غضنفر نے بھی اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔

    واضح رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی اور افغان ٹیم نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دی۔

    حارث رؤف 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، فخر زمان 25، کپتان سلمان علی آغا 20 اور صاحبزادہ فرحان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے نور احمد، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • ’جرمن سفیر آیا ہے تو کیا ہوا؟ تمہاری وہی ذہنی غلام والی سوچ ہے‘

    ’جرمن سفیر آیا ہے تو کیا ہوا؟ تمہاری وہی ذہنی غلام والی سوچ ہے‘

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور  پریس کانفرنس کے دوران جرمنی کے سفیر کی آمد کی اطلاع دینے والے ترجمان پر برس پڑے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مینڈیٹ چوری ہونے کا ذکر کررہے تھے اس دوران ترجمان نے کہا کہ سر آپ کی میٹنگ کا وقت ہوچکا ہے اور جرمن سفیر بھی آگئے ہیں۔

    یہ سننا تھا کہ علی امین گنڈا پور غصے میں آگئے۔

    یہ پڑھیں: وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

    انہوں نے ترجمان سے کہا کہ تمہارا کیا کام ہے؟ یہاں بیٹھو، جرمن سفیر آیا ہے تو کیا ہوگیا، تم بس وہی ذہنی غلاموں والی سوچ رکھنا۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جرمن سفیر آگیا ہے تو پتا نہیں کیا سوچتے ہو کہ فوری اٹھو اور بھاگو۔

    وزیر اعلیٰ کی بات سن کر ترجمان شرمندہ ہوگیا اور پیچھے رکھی کرسی پر جاکر بیٹھ گیا۔

  • دریائے چناب اور توی میں اونچے درجے کا سیلاب

    دریائے چناب اور توی میں اونچے درجے کا سیلاب

    لاہور : بھارت کی جانب سے پاکستان کے دریاؤں میں مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب اور dریائے توی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

    دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 39 ہزار 178 کیوسک تک پہنچ گیا، سیلاب سے سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، چنیوٹ،جھنگ، مظفر گڑھ اور ملتان متاثر ہوسکتے ہیں، دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب سے ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے جموں توی میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے مناورتوی میں بھی اونچے درجے کاسیلاب ریکارڈ کیا گیا، سیالکوٹ میں دریاؤں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    سیلاب سے تحصیل جھنگ کے137، اٹھارہ ہزاری کے37، شور کوٹ کے 40، اور احمد پور سیال کے47 موضع جات متاثر ہوئے۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرجھنگ نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 3 لاکھ 22 ہزار 956 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، 2 لاکھ 90 ہزار 290 ایکٹر رقبہ زیرآب آیا ہے۔

    ڈی سی جھنگ کے مطابق 2لاکھ27ہزار795ایکٹرپر فصلیں سیلاب کی زد میں ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے 24فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ1لاکھ81ہزار560کیو سک ہوگیا۔

    دریائے چناب اور جموں توی میں پانی کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوگئی، دریائے چناب میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی طرح جموں توی دریا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام متاثرین فوری طور پر قریبی ریلیف کیمپوں میں منتقل ہوجائیں، مزید معلومات اور ہدایات کے لیے 1718 پر رابطہ کریں۔

    اس حوالے سے محکمہ آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت نے 2 روز قبل بغیر اطلاع دیے سلال ڈیم سے 8لاکھ کیوسک پانی چھوڑا تھا۔

    صوبہ پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے متاثرین کی تعداد 24 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 26 اگست سے اب تک مختلف واقعات میں 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اب تک 3200 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔

  • سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی۔

    حارث رؤف 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، فخر زمان 25، کپتان سلمان علی آغا 20 اور صاحبزادہ فرحان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے نور احمد، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ابراہیم زدران 65 اور صدیق اللہ اتل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    فہیم اشرف نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے 18 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل راشد خان نے ٹاس جیت کر سلمان علی آغا الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

    Image

    گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

    پاکستان نے سیریز میں اپنے دونوں میچز جیتے ہیں، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں یو اے ای کو شکست دی تھی۔

  • حیدرآباد کے کئی علاقوں کو خالی کرنے کے اعلانات

    حیدرآباد کے کئی علاقوں کو خالی کرنے کے اعلانات

    حیدرآباد: دریائے سندھ کوٹری بیراج پر سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر قریب آبادی کے مکینوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    ضلع انتظامیہ کی جانب سے گھر خالی کرنے کے اعلانات کیے جارہے ہیں جس میں ملاح گوٹھ، شہمیر شورو گوٹھ، ڈیتھا گوٹھ کو فوری خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سحرش نگر اور حسین آباد کے علاقے بھی خالی کیےجائیں۔ لطیف آباد  4نمبر اور 10 نمبر میں بھی اعلانات کیے گئے ہیں۔

    ضلع انتظامیہ نے کہا ہے کہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے لہذا علاقہ مکین مال مویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات پر چلے جائیں کیونکہ کسی وقت بھی نقصان ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں 100 سے زائد چھوٖٹے ڈیم بنائے ہیں، ورلڈبینک نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے ڈیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈبینک نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے، سندھ حکومت نے سُپرفلڈ سے نمٹنے کی تیاریاں کررکھی ہیں، سندھ میں زیادہ سے زیادہ 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آئےگا، 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آرام سے گزر جائےگا۔

    ناصرحسین شاہ نے کہا کہ غیرمتوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریاں پوری کررکھی ہیں، ریلیف کیمپس تیار کرلیے ہیں، حساس اسپاٹس پر نظر ہے، کوشش ہے کہ کچے سے لوگوں کا انخلا کردیں۔

  • انور علی کے آخری لمحات کا ذکر کرتے ہوئے بیٹا آبدیدہ ہوگیا

    انور علی کے آخری لمحات کا ذکر کرتے ہوئے بیٹا آبدیدہ ہوگیا

    شوبز انڈسٹری کے سینئر مزاحیہ اداکار انور علی کے آخری لمحات کا ذکرتے ہوئے بیٹا آبدیدہ ہوگیا۔

    اداکار انور علی پی ٹی وی کے سینئر اداکار ہیں جو دو روز قبل طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے جنہیں آج سپرد خاک کیا گیا۔

    انور علی نے خدابخش، نشانی، اندھیرا اجالا، ابابیل، ہوم سویٹ ہوم، کامیڈی تھیٹر اور مختلف ڈراموں میں کردار ادا کیے۔

    وہ اسٹیج کے ایک مشہور اداکار بھی تھے جنہوں نے اپنی بہترین مزاحیہ ٹائمنگ، تاثراتی اداکاری اور باڈی لینگویج کی وجہ سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے 2017 میں شوبز چھوڑ کر خود کو مذہبی زندگی کے لیے وقف کر دیا۔

    یہ پڑھیں: اداکار انور علی نے اپنی فنکارانہ زندگی کیسے گزاری؟

    حال ہی میں انور علی کے بیٹے  نے علی حمزہ نے اسپتال میں اپنے والد کے آخری دنوں کے بارے میں بات کی۔

    انور علی کے بیٹے نے کہا کہ وہ صرف میرا نام لے رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ کہیں مت جاؤ۔ میں 17 دن تک اسپتال میں رہا، میں نے اپنی بہن کو ویڈیو کال کی، اور انہوں نے فوراً کہا کہ "وہ میری بیٹی ہے۔” انہیں علم تھا وہ جلد انتقال کرجائیں گے۔

    ان کے بیٹے نے مداحوں سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے والد کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔مداح اور سوشل میڈیا صارفین سینئر اداکار کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعاگو ہیں۔

  • اسرائیل نے غزہ میں ایک اور صحافی کو شہید کر دیا

    اسرائیل نے غزہ میں ایک اور صحافی کو شہید کر دیا

    اسرائیلی فوج نے غزہ کی صورتحال کو دنیا سے چھپانے کے لیے صحافیوں کو نشانہ بنانے کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور صحافی کو شہید کر دیا۔

    مقامی حکام نے بتایا کہ منگل کے روز غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک فلسطینی کیمرہ مین شہید ہو گیا جو کہ پٹی میں ہونے والا صحافیوں پر تازہ ترین حملہ ہے۔

    Image

    غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ منارا میڈیا کمپنی کے لیے کام کرنے والے رسمی جہاد سالم غزہ شہر میں الجلا اسکوائر کے قریب ابو الامین اسٹریٹ کو نشانہ بنانے والی حملے میں شہید ہوگئے۔

    نئی شہادت کے بعد غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک صحافیوں کی اموات کی تعداد 248 ہو گئی ہے۔

    میڈیا آفس نے فلسطینی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو قتل کرنے کی اسرائیل کی دانستہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پریس کے خلاف ایک منظم مہم قرار دیا۔

    Image

    انہوں نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس، عرب جرنلسٹس یونین، اور دنیا بھر کی پریس باڈیز سے مطالبہ کیا کہ وہ ان "منظم جرائم” کی مذمت کریں، بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائیں۔

    48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اسرائیلی فوج کی درندگی کا نشانہ بننے والا یہ دوسرا صحافی ہے۔ گزشتہ روز القدس الیوم سیٹلائٹ چینل سے وابستہ خاتون صحافی اسلام موحارب عابد اسرائیلی بمباری میں جام شہادت نوش کرگئیں۔

    میڈیا آفس نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل منظم انداز میں صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ اسرائیلی بربریت کی داستان دنیا کے سامنے بے نقاب نہ ہوسکے۔

    غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی اسلام موحارب عابد شہید

    بیان میں عالمی صحافتی تنظیموں اور فیڈریشنز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں صحافیوں پر ہونے والے جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔

  • فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا

    فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا

    پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا۔

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ کے دوران فخر زمان نے اپنا 100 واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل کر سنگ میل عبور کیا۔

    انہوں نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا، بابر اعظم، محمد حفیظ ، شعیب ملک کی فہرست میں شامل ہوکر 100 ٹی 20 کھیلنے والے چھٹے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    بابر اعظم پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹی 20 کھیلنے والے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے 128 میچز کھیلے ہیں۔

    شعیب ملک 125 اور محمد حفیظ پاکستان کی جانب سے 119 میچز کھیل چکے ہیں، فہرست میں شاداب خان 112 میچ اور محمد رضوان 106 میچ کھیل کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

    فخر زمان کو 100واں ٹی 20 کھیلنے سے قبل ساتھی کھلاڑیوں نے مبارکباد بھی پیش کی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف ٹاپ آرڈر بلے باز کو گلے لگاتے ہوئے نظر آئے جب کہ آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے انہیں داد دی۔

    یہ پڑھیں: افغانستان کا پاکستان کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف

    پی سی بی نے ویڈیو کے کیپشن میں کہا کہ پاکستانی بلے باز فخر زمان کو پاکستان بمقابلہ افغانستان میچ سے قبل ان کے ساتھیوں نے 100 ٹی 20 مقابلوں کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔

    فخر زمان نے 99 ٹی 20 میں 11 نصف سنچریوں کی مدد سے 22.44 کی اوسط سے 1975 رنز بنائے ہیں۔

    مڈل آرڈر بیٹر افغانستان کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گرین شرٹس 170 رنز کا تعاقب کررہے ہیں۔