Blog

  • بنوں: دہشت گردوں کا ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، 6 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک

    بنوں: دہشت گردوں کا ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ، 6 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک

    بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج، ایف سی کے 6 اہلکار شہید ہوگئے، فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورسزکی موثر کارروائی میں 5 خوارج ہلاک ہوئے، پاک فوج اور ایف سی کے 6 اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بنوں میں دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ ناکام، حملہ آور گرفتار

    جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے خوارج کی ایف سی ہیڈ کوارٹر میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرادی، خودکش دھماکے میں 3 شہری زخمی ہوئے۔

    علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا، فورسز بھارتی پشت پناہی میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/quetta-blast-near-akhtar-mengal-car/

  • کوئٹہ میں اختر مینگل کی گاڑی کے قریب دھماکا

    کوئٹہ میں اختر مینگل کی گاڑی کے قریب دھماکا

    کوئٹہ میں سریاب روڈ کے علاقے میں شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کے مطابق دھماکا سابق وزیر اعلیٰ اور بی این پی سربراہ اختر مینگل کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل دھماکے میں محفوظ رہے، دھماکا جلسہ گاہ کے باہر پارکنگ کی جگہ پر ہوا ہے۔

    حکومت بلوچستان نے شاہوانی اسٹیڈیم میں دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کررہی ہیں، سیکیورٹی فورسز علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کررہی ہیں۔

    بلوچستان حکام کا کہنا ہے کہ عوام افواہوں پر کام نہ دھریں، اداروں سے تعاون کریں۔

  • ماریہ ملک نے شوبز کے منفی پہلوؤں پر خاموشی توڑ دی

    ماریہ ملک نے شوبز کے منفی پہلوؤں پر خاموشی توڑ دی

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماریہ ملک نے شوبز انڈسٹری کے منفی پہلوؤں پر خاموشی توڑ دی۔

    اداکارہ ماریہ ملک نے کم عرصے میں بھی شوبز میں اپنی شناخت بنائی، اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’دل ہی تو ہے‘ میں مرکزی کردار نبھا چکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں آنے کے بعد محسوس کیا کہ نئے اداکاروں کو معاون کرداروں کی پیشکش کی جاتی ہے، معاون کرداروں سے بھی شروعات کی اور پھر اس نے چند کرداروں کو مسترد کردیا کیونکہ وہ مرکزی ادا کرنا چاہتی تھیں۔

    یہ پڑھیں: ماریہ ملک نے پرپوز کرنے والے کو کیا کہا؟ ویڈیو وائرل

    ماریہ ملک کے مطابق پروڈیوسر اس وقت اعتراض کرتے ہیں جب آپ انہیں کردار کے لیے ’نہیں‘ کرتے ہیں اور بعد میں جب انہیں کامیابی ملی تو وہی پرڈیوسر ان کے ساتھ اچھے تھے۔

    اداکارہ نے کہا کہ یہ عام طور پر ایک محفوظ جگہ ہے لیکن کچھ لوگوں کے لیے ایسا نہیں ہے، انہیں کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن انہوں نے دوسروں کی کہانیاں سنی ہیں جو اس سے گزرے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان کے لیے برا محسوس کرتی ہیں اور جانتی ہیں کہ ایسی چیزیں ہوتی ہیں، وہ اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گی کیونکہ اب انہوں نے اب تک انڈسٹری میں خود کو محفوظ محسوس کیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر مسجد پر بھی چسپاں، مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لےلیا

    وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر مسجد پر بھی چسپاں، مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لےلیا

    صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی تصویر مسجد پر چسپاں کرنے کے معاملے میں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسجد پر اپنی تصویر لگانے کا سخت نوٹس لیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی سی منڈی بہاؤالدین سے اسکی وضاحت طلب کرلی ہے، مسجد پر وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر لگانے پر ڈپٹی کمشنر کی سرزنش کی گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے انتظامیہ اور سرکاری اداروں کو اپنی تصویر کے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں مریم نواز نے سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کا حکم دیا ہے،انھوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانا ت کا سروے کریں،

    وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے اور مچھرمار اور جراثیم کش اسپرے بھی کیے جائیں، انھوں نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    مریم نے کہا کہ لوگ بےسروسامانی کی حالت میں گھروں سےنکلے، تنہا نہیں چھوڑ سکتے، سیلابی پانی اترنے کے بعد بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کلینک آن ویل، فیلڈ اسپتال کی تعداد بڑھانے اور دوردراز علاقوں تک رسائی کا حکم دیا، انھوں نے گائنی، گیسٹرو اور اسکن اسپیشلسٹ کی موبائل ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

  • عدالت نے ٹرمپ کا ایک اور فیصلہ غیرقانونی قرار دیدیا

    عدالت نے ٹرمپ کا ایک اور فیصلہ غیرقانونی قرار دیدیا

    امریکی عدالت نے صدرٹرمپ کے فوج تعیناتی کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دے دیا.

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی جج چارلس بریئر نے کیلیفورنیا میں فوجی تعیناتی کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کا اقدام بےمثال اور قانونی اختیارات سے تجاوز ہے۔

    فیصلے میں جج نے کہا کہ لاس اینجلس احتجاج کو بغاوت قرار دینے کا جواز درست نہیں، شہری قانون نافذ کرنے والے ادارے احتجاج قابو کرنے میں ناکام نہیں ہوئے تھے۔

    کیلیفورنیا کے گورنر نے ٹرمپ کی جانب سے فوج تعینات کرنے کیخلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

    وفاقی جج نے کہا کہ ٹرمپ نے’پوزی کومِٹَیٹس ایکٹ‘ کی خلاف ورزی کی، ٹرمپ انتظامیہ نےجان بوجھ کر اپنے ہی رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی، فوجی تعیناتی سے ریاستی اور مقامی اداروں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔

    کیلیفورنیا میں مظاہرے ٹرمپ کی سخت گیر امیگریشن پالیسی کےخلاف ہوئے تھے اور احتجاج بڑھنے پر ٹرمپ نے نیشنل گارڈز کو اپنے کنٹرول میں لے کر فوجی تعیناتی کی تھی۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق صدر کو قانون نافذ کرنے کیلئے فوج استعمال کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے انتظامیہ کا مؤقف مسترد کیا کہ فوجی اختیارات کی حد صدر طے کرے گا۔

    عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی اپیل کیلئے 12ستمبر تک فیصلے پر عملدرآمد مؤخر کر دیا۔ فیصلہ برقرار رہا تو فوج کو سرچ، گرفتاری اور احتجاج قابو کرنے سے روکا جائے گا۔

  • وفاقی حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

    وفاقی حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے 6 ستمبر کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    کابینہ ڈویژن نے 12 ربیع الاول کو عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

    مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم اُمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

    نبی آخر الزمانﷺ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مینارہ نور ہیں، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی کانفرنسز تقریبات اور محفل میلاد منعقد کی جاتی ہیں۔

    اس مبارک موقع پر عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا جاتا ہے۔

  • "ہم نے سندھ میں 100 سے زائد ڈیم بنائے ہیں”

    "ہم نے سندھ میں 100 سے زائد ڈیم بنائے ہیں”

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں 100 سے زائد چھوٖٹے ڈیم بنائے ہیں، ورلڈبینک نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے ڈیمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈبینک نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے، سندھ حکومت نے سُپرفلڈ سے نمٹنے کی تیاریاں کررکھی ہیں، سندھ میں زیادہ سے زیادہ 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آئےگا، 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آرام سے گزر جائےگا۔

    ناصرحسین شاہ نے کہا کہ غیرمتوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریاں پوری کررکھی ہیں، ریلیف کیمپس تیار کرلیے ہیں، حساس اسپاٹس پر نظر ہے، کوشش ہے کہ کچے سے لوگوں کا انخلا کردیں۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

    انھوں نے کہا کہ بھاشا، داسو ڈیم بنانے کےلیے ہم سب حاضر ہیں، بھاشا، داسو ڈیم بنانے کے کام کو تیز کرنا چاہیے، ورلڈ بینک سمیت دیگر سے رابطہ کرنا چاہیے۔

    سندھ کے صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کو تینوں صوبوں نے مسترد کردیا ہے، اگر ایک ڈیم متنازع ہے تو دیگر ڈیمز بنانے میں کیوں تاخیر کی گئی۔

    ناصرشاہ کا سندھ کی صورتحال سے متعلق کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی سے متعلق متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز سے بات ہوئی، کچے میں سیلاب آیا تو ڈاکو باہر آئیں گے، انتظار کررہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ افواہیں پھیلتی ہیں تو لوگ ذخیرہ اندوزی شروع کردیتے ہیں، اشیا خورونوش کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/india-flood-rail-released-enters-pakistani-territory/

  • سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی بیٹی کی تصویر آن لائن لیک ہوگئی؟

    سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی بیٹی کی تصویر آن لائن لیک ہوگئی؟

    بالی ووڈ کی جوڑی سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی ایک ماہ کی بیٹی کی تصویر آن لائن لیک ہوگئی۔؟

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی چند ماہ تعلقات میں رہنے کے بعد 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھے۔

    سدھارتھ اور کیارا نے 2021 میں کیپٹن وکرم بترا کی وار بائیوپک ’شیرشاہ‘ میں مرکزی کردار نبھایا اور سیٹ پر دونوں کو محبت ہوگئی۔

    ان کے ہاں رواں سال 16 جولائی کو بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

    یہ پڑھیں: کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا بیٹی کے والدین بن گئے

    سدھارتھ اور کیارا نے بیٹی کی پیدائش کے بعد نو فوٹو پالیسی اپنائی اور میڈیا، پاپا رازی سے درخواست کی کہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by | | (@sidz_fan_girl)

    ان کا کہنا تھا کہ جب ہم والدین کے اس نئے سفر میں اپنا پہلا قدم اٹھاتے ہیں تو ہم امید کرتے ہیں کہ ایک خاندان کے طور پر اس سے لطف اندوز ہوں گے، معنی رکھتا ہے اگر یہ خاص وقت نجی رہ سکتا ہے، لہٰذا کوئی تصویر نہیں لے صرف دعائیں چاہئیں۔

    تاہم حال ہی میں سوشل میڈیا پر سدھارتھ اور کیارا کی بیٹی کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی لیکن فیکٹ چیک ٹولز نے تصدیق کی ہے کہ یہ وائرل تصاویر اے آئی سے تیار کردہ ہیں۔

    واضح رہے کہ سدھارتھ اور کیارا نے بچی کی تصویر شیئر کرنا تو دور کی بات اس کا نام بھی نہیں بتایا ہے۔

  • افریقی ملک میں ہم جنس پرستی کیخلاف بڑا اقدام

    افریقی ملک میں ہم جنس پرستی کیخلاف بڑا اقدام

    افریقی ملک برکینافاسو میں ہم جنس پرستی کو جرم قرار دے دیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈی رپورٹس کے مطابق نئی قانون سازی کے تحت ہم جنس پرستی پر قید اور جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ ہم جنس پرستی ثابت ہونے پر 2 سے 5 سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔

    برکینا فاسو کے وزیر انصاف نے نئے قانون کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو ہم جنس پرستی ثابت ہونے پر ملک بدر کر دیا جائے گا۔

    قانون سازی برکینافاسو کے فیملی اور شہریت قوانین کی بڑی اصلاحات کاحصہ ہے۔

    حکام کے مطابق قانون کو آگاہی مہم کے ذریعے عام کیا جائے گا۔ فوجی حکومت نے تمام 71 غیرمنتخب ارکان کی متفقہ منظوری کے بعد قانون پاس کیا ہے۔

    برکینافاسو میں فوج نے2022 میں دو بغاوتوں کے بعد اقتدار سنبھالا ہے اور صدر ابراہیم تراورے فوجی بغاوت کے بعد سے برسراقتدار ہیں۔

    آدھے سے زائد افریقی ممالک میں ہم جنس پرستی پر قید یا سزائےموت نافذ ہے۔ پڑوسی ملک مالی نے بھی نومبر 2024 میں ہم جنس پرستی پر پابندی عائد کی تھی۔

    حالیہ برسوں میں گھانا اور یوگنڈا نے بھی سخت قوانین متعارف کرائے ہیں۔

  • ایران کے پُرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت جاری رکھیں گے، چین کا اعلان

    ایران کے پُرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت جاری رکھیں گے، چین کا اعلان

    چین نے واضح کیا ہے کہ ایران کے پُرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت جاری رکھیں گے، طاقت کا استعمال درست راستہ نہیں ہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے ایرانی ہم منصب مسعود پیزشکیان نے بیجنگ میں ملاقات کی، چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ اختلافات حل کرنے کیلئے طاقت کا استعمال درست راستہ نہیں، دیرپا امن کےلیے رابطہ اور مکالمہ ہی واحد راستہ ہے۔

    شی جن پنگ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو جوہری توانائی کے پُرامن استعمال کا حق حاصل ہے، ایران کے جوہری معاملے کا ایسا حل چاہتے ہیں جو تمام خدشات دور کرے۔

    یہ بھی پڑھیں: چین میں ویزا فری انٹری سے متعلق اہم خبر

    چین نے فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے ایران پر اسنیپ بیک میکنزم کی بھی مخالفت کردی ہے، خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ان 3 ممالک نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

    دریں اثنا چین کے صدر شی جن پنگ نے اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے بھی کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان کےاہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

    چین کے صدر شی جن پنگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں مدد جاری رکھے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/chinese-president-xi-jinping-announces-continued-assistance-to-pakistan/