سیمنٹ کی فروخت میں نمو کا رجحان اگست 2025 میں جولائی کے مقابلے میں کم ہوگیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق اگست 2025میں سیمنٹ کی فروخت 3.097ملین ٹن رہی جو اگست 2024کے مقابلے میں 10.33فیصد زائد رہی جو اگست 2024 میں 2.807 ملین ٹن رہی تھی۔
سیمنٹ کی ایکسپورٹ اگست2025 میں 22.13فیصد اضافے سے 7لاکھ 49ہزار 723ٹن رہی جو اگست 2024میں 6لاکھ 13ہزار 875ٹن رہی تھی۔ جولائی 2025میں سیمنٹ کی فروخت کی صورتحال قدرے بہتر رہی تھی جس میں مقامی کھپت جولائی 2024کے مقابلے میں 18.61فیصد اور برآمدات 84فیصد زائد رہی تھیں۔ اگست 2025میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.846ملین ٹن رہیں جو گزشتہ اگست 2024کی 3.421ملین ٹن کی فروخت سے 12.45فیصد زائد رہیں۔
اگست 2025 میں شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.795 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو اگست 2024 کی 2.585 ملین ٹن کے مقابلے میں 8.10 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 1.05 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو اگست 2024 کی 0.835 ملین ٹن کے مقابلے میں 25.93 فیصد زیادہ ہے۔شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے اگست 2025 میں مقامی مارکیٹ میں 2.586 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی جو اگست 2024 کی 2.380 ملین ٹن کے مقابلے میں 8.64 فیصد زیادہ ہے۔
جنوبی سیمنٹ فیکٹریوں نے اسی عرصے میں 510,758 ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں فروخت کی جو اگست 2024 کی 426,289 ٹن کے مقابلے میں 19.81 فیصد زیادہ ہے۔شمالی علاقوں سے برآمدات میں معمولی اضافہ 1.84 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو اگست 2024 کے 204,901 ٹن سے بڑھ کر اگست 2025 میں 208,669 ٹن تک پہنچ گئیں۔
جنوبی علاقوں سے برآمدات میں نمایاں اضافہ 32.30 فیصد رہا اور یہ اگست 2024 کی 408,956 ٹن سے بڑھ کر اگست 2025 میں 541,054 ٹن تک پہنچ گئیں۔
رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران مجموعی سیمنٹ کی فروخت (مقامی و برآمدات) 7.847 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی 6.492 ملین ٹن کے مقابلے میں 20.88 فیصد زیادہ ہے۔ اس عرصے میں مقامی فروخت 6.090 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے 5.331 ملین ٹن کے مقابلے میں 14.25 فیصد زیادہ ہے۔ برآمدات بھی 51.29 فیصد بڑھیں اور ان کا حجم 1.161 ملین ٹن سے بڑھ کر 1.757 ملین ٹن ہو گیا۔
شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے جولائی تا اگست 2025 کے دوران 5.004 ملین ٹن سیمنٹ مقامی طور پر فروخت کی جو گزشتہ سال کے 4.535 ملین ٹن کے مقابلے میں 10.36 فیصد زیادہ ہے۔ شمالی علاقوں سے برآمدات میں 44.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کے 303,921 ٹن کے مقابلے میں بڑھ کر 440,654 ٹن تک پہنچ گئیں۔
مجموعی طور پر شمالی سیمنٹ فیکٹریوں کی فروخت 12.53 فیصد بڑھ کر 5.445 ملین ٹن ہو گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 4.839 ملین ٹن تھی۔جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے جولائی تا اگست 2025 میں 1.086 ملین ٹن سیمنٹ مقامی طور پر فروخت کی جو گزشتہ سال کے 0.796 ملین ٹن کے مقابلے میں 36.46 فیصد زیادہ ہے۔
جنوبی علاقوں سے برآمدات میں بھی 53.53 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا اور ان کا حجم گزشتہ سال کے 0.857 ملین ٹن سے بڑھ کر 1.316 ملین ٹن ہو گیا۔ مجموعی طور پر جنوبی علاقوں کے پلانٹس کی فروخت 45.31 فیصد بڑھ کر 2.402 ملین ٹن ہو گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 1.653 ملین ٹن تھی۔پاکستان سیمنٹ مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے جس سے عوام براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیمنٹ پر ٹیکس کم کیے جائیں تاکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کی لاگت کم ہو سکے۔