این ای او سی نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں اسلام آباد اور پنجاب میں بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔
جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
اسی طرح ملتان، خانیوال، بہاولنگر، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گجرات میں تیزبارش ہو سکتی ہے جب کہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔
ادھرمحکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، شہر کا موسم مرطوب، مطلع ابر آلود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہوچکی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 78 فیصد ہے۔
دن کے اوقات میں درجہ حرارت 33 ڈگری تک جا سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی محسوس کی جائے گی، جبکہ کراچی میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 3 ستمبر ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق مشرقی دریاؤں کے بہاؤ میں شدید اضافے کا خدشہ ہے۔
دریائے ستلج میں اس وقت 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک کا غیر معمولی بہاؤ ہے، مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ دریائے ستلج میں متوقع ہے۔
دریائے راوی جسر کے مقام پر بہاؤ60ہزار کیوسک ہے جو 1.5 لاکھ تک جاسکتا ہے جبکہ نالہ بین، ڈیک اور بسنتَر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب مرالہ پر بہاؤ 94 ہزار کیوسک ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔