بھارتی ڈرون نے 8 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو ہمیشہ کے لیے جدا کر دیا

بھارتی جنگی جارحیت میں جہاں کئی معصوم پاکستانی شہری نشانہ بنے وہیں 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی حیدر علی بھی ہمیشہ کے لیے جدا ہو گیا۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں دشمن ملک بھارت نے 7 اور 8 مئی کو رات کی تاریکی میں میزائل اور ڈرون حملے کیے جس میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت درجنوں معصوم پاکستانی شہید ہوئے۔

ان ہی شہدا میں پنڈی شہر کا محنت کش نوجوان علی حیدر بھی تھا جو 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا لیکن بھارتی ڈرون نے 8 بہنوں سے ان کا اکلوتا بھائی چھین لیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے راولپنڈی ڈرون حملے میں شہید لاہور کچا جیل روڈ پر علی حیدر کی رہائشگاہ پر پہنچ کر نوجوان کے والد محمد اسلم، والدہ اور اہلخانہ سےملاقات کر کے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

محسن نقوی نے بھارتی ڈرون حملے میں زخمی منظور فیصل سے بھی ملاقات کر کے خیریت دریافت کی اور افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔

واضح رہے کہ بھارتی جنگی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص سے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور صرف چند گھنٹوں میں اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جس کے بعد وہ جنگ بندی کی پیشکش کرنے پر مجبور ہوا۔

https://urdu.arynews.tv/operation-bunyan-marsus-prime-minister-announces-to-celebrate-struggle-for-truth-day-on-may-10-every-year/