پاک بھارت کشیدگی: بی سی سی آئی نے آئی پی ایل معطل کردیا

پاک بھارت بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بھارت پر خوف طاری، آئی پی ایل معطل کردیا۔

کرک انفو کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے آئی پی ایل معطل کردیا گیا ہے۔ آئی پی ایل میں شریک غیر ملکی کرکٹرز بھی پریشان ہونے لگے ہیں۔ غیرملکی کرکٹرز نے اپنے اپنے ملک واپس جانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق آئی پی ایل معطلی کا فیصلہ دھرم شالا میں پنجاب اوردلی کےمیچ کے بعد کیا گیا، آئی پی ایل میں پلےآف اور فائنل سمیت 16 میچزہونا باقی تھے، لکھنو، حیدرآباد، احمدآباد، بینگلورو، دہلی، چنئی اور کلکتہ نے بقیہ میچزکی میزبانی کرنی تھی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز دھرم شالا میں میچ روک کرگراؤنڈ خالی کرالیا گیا تھا، گزشتہ رات آئی پی ایل حکام کے درمیان ایک ہنگامی میٹنگ بھی ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے کئی شہروں، بشمول دھرم شالہ، میں پروازوں کی بندش اور سیکیورٹی خدشات نے آئی پی ایل کے شیڈول کو شدید متاثر کیا اور بی سی سی آئی غیر ملکی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے انتظامات پر غور کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کے بقیہ میچز بھی دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کو یو اے اِی منتقل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیگ کے بقیہ 8 میچز متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے 8 میچز کو ری شیڈول کرکے ان کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی دستیاب فلائٹس سے غیرملکی پلیئرز دبئی روانہ ہوں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کو اس ماہ میں ہی مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت اور دراندازی کے باعث جمعرات کو راولپنڈی میں ہونے والا کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔