پاک افغان دوسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

پاک افغان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شارجہ میں پاک افغان تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

سیریز میں واپسی کے لیے پاکستان کو آج کا میچ جیتنا اور نئے کھلاڑیوں کو خود کو منوانا ہوگا۔ گرین شرٹس کے کپتان شاداب خان کو نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد ہے اور وہ سیریز میں کم بیک کے لیے پُر عزم ہیں۔

پہلے میچ میں نوجوان بیٹرز پر پریشر پڑا تھا تو کوئی رن نہ بنا سکا تھا۔ صائم، حارث، اعظم کوئی نہ چلا اور ٹیم صرف بانوے رن ہی جوڑ سکی۔ تاہم بولرز کی پرفارمنس اچھی رہی تھی اور ڈیبیوٹنٹ احسان اللہ نے خود کو منوایا۔ پہلے ہی انٹرنیشنل میچ میں پہلی اور تیسری گیند پر وکٹ لی۔ کم بیک پر آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی جوہر دکھائے۔

فینز قومی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جانے پر خوش اور آج پاکستان کے کم بیک کے منتظر ہیں۔ نوجوان اسٹار کھلاڑیوں کے پاس بھی موقع ہے کہ وہ پرفارمنس دکھائیں اور انٹرنیشنل فورم پر خود کو منوائیں۔