اسلام آبا د : وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے حالیہ کشیدگی کے دوران افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری ہے، پاکستان نے افغانستان کیلئے اپنی فضائی حدود کبھی بند نہیں کی۔
یہ بات سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ترجمان وزارت خارجہ نے تحریری جواب میں کہی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا، اس موقع پرسینیٹر مشتاق احمد نے ٹائیفائیڈ کی دوا کی مفت فراہمی سے متعلق سوال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں کو پرلگ گئے ہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ ٹائیفائیڈ پر ہم جلد قابو پالیں گے، سرکاری اسپتالوں میں مفت دوائیں فراہم کی جاتی ہیں۔
وقفہ سوالات کے دوران وزرات خارجہ کے ترجمان نے پاک افغان تجارت کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرادیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کیلئے فضائی حدود کبھی بند نہیں کی، بھارت سے حالیہ کشیدگی کے دوران بھی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری رہی۔
وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد 3 ہزار ہے، سعودی ولی عہد کے اعلان کے مطابق 2080 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔