ملتان کے شائقین کرکٹ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کیلئے تیار ہیں۔
انگلش کرکٹ ٹیم اگلے مہینے کی 2 تاریخ کو پاکستانی سرزمین پر قدم رکھے گی جہاں اسے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان سے پنجہ آزمائی کرنے کا موقع ملے گا، قومی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کا پہلا پانچ روزہ میچ 7 اکتوبر سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائےگا جبکہ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے میچز ابتدائی طور پر کراچی، ملتان اور پنڈی میں شیڈول تھے تاہم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری تعمیراتی کام کے باعث وہاں اب میچ نہیں ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کی صدارت میں ضلعی انتظامیہ اور کرکٹ بورڈ کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے ٹیسٹ سیریز کیلئے بھرپور سیکیورٹی انتظامات کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک انگلینڈ ٹیسٹ ٹیموں کے مجوزہ قیام و سیکیورٹی پلان کوحتمی شکل دی گئی، انگلینڈ بورڈ کی سیکیورٹی ٹیم 26 ستمبر کو ملتان میں سیکیورٹی آڈٹ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اسٹیڈیم اور روٹس پر خصوصی صفائی وانتظامات کیے جائیں گے ضلعی محکمےکرکٹ میلے کو کامیاب بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔