پاک انگلینڈ فائنل، سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں پاک انگلینڈ ٹی 20سیریز کے فائنل میچ کے موقع پر آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنےکا حکم دے دیا۔

لاہورمیں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے پولیس کے 1800 مزید اہلکار تعینات کر دیے گئے۔ مجموعی طور پر پولیس کے 12 ہزار سے زائد اہلکار و افسران فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے جب کہ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کیا گیا ہے۔

پارکنگ اسٹینڈز پر بھی سکیورٹی میں اضافہ اور ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس اہلکار، وارڈنز میچ کے اختتام کے بعد بھی رات گئے تک ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ شائقین سے گزارش ہے سکیورٹی عملے سے تعاون کریں میچ کیلئےاصل شناختی کارڈ ہمراہ لائیں ،وقت سے پہلے اسٹیڈیم تشریف لائیں۔