بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکااشرف نے کپتان سمیت کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے احمدآباد میں قومی ٹیم سے ملاقات کی اور بھارت کے خلاف بڑے ٹاکرے پر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
ذکااشرف نے کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف کسی دباؤ کے بغیر کھیلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ہار جیت کے خوف کو ذہن سے نکال کر میدان میں اتریں، کھلاڑی 100 فیصد کارکردگی دکھائیں فتح مقدر بنے گی۔
ذکا اشرف نے کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ٹیم کی کامیابی کےلئے دعاگو ہے۔
احمد آباد میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کل کے میچ کا کوئی دباؤ نہیں پہلے بھی بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیلا ہے مجھے معلوم ہے کل پورا اسٹیڈیم بھارت کو سپورٹ کررہا ہوگا اگر پاکستانی فینز ہوتے تو وہ بھی اسٹیڈیم آتے اور سپورٹ کرتے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں ہائی اسکورنگ میچ ہورہے ہیں بولرز کیلئے مارجن کم ہے، ہر شہر کی طرح یہاں بھی کنڈیشنز مختلف ہیں، جہاں زیادہ وقت گزرتا ہے وہاں کی کنڈیشنز کو جاننے میں مدد ملتی ہے۔