اسلام آباد: پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے اقتصادی تعلقات، دونوں ممالک کے درمیان تجارت 34 فیصد بڑھ گئی۔
وزیر تجارت نوید قمر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ روس سے تجارتی ٹرن اوور گزشتہ موسم گرما کے بعد بڑھ گیا ہے، دوطرفہ تجارت 34 فیصد بڑھ کر 760.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، گزشتہ سال دونوں ممالک میں تجارتی حجم 567.5 ملین ڈالر تھا۔
نوید قمر نے کہا کہ پاکستان نے روس کو بارٹر معاہدے کی پیشکش کی ہے، اس سے ڈالر سمیت غیر ملکی کرنسیوں پر انحصار کم ہوگا، ہم نے مخصوص ممالک میں کمپنیوں کیلیے بارٹر معاہدے شروع کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس پر امریکی پابندیوں کی وجہ سے مشکلات ہیں۔
اس سے قبل پاکستان سے روس کو چاول کی برآمدات میں اضافہ کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی تھی۔ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے 15 رائس ملوں کے ٹیکنیکل آڈٹ کے بعد چاول ایکسپورٹ کرنے کی اجازت کی سفارش کی تھی۔
روس نے چند سال قبل چاول میں کیڑے مار ادویات اور کیڑوں کی وجہ سے پاکستانی چاول کی برآمدات پر پابندی لگا دی تھی۔
وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا تھا کہ مزید 15 پاکستانی رائس ملوں کو روس چاول ایکسپورٹ کرنے کی اجازت مل گئی، روس نے 2021 میں پابندی اٹھا لی تھی تاہم صرف 4 رائس ملوں کو چاول ایکسپورٹ کرنے کی اجازت تھی۔
بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ اب مجموعی طور پر 19 رائس ملز روس چاول ایکسپورٹ کر سکیں گی۔