پاک سری لنکا تجارت ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی کرنے کی تجویز

کراچی : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی تجارت امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل سری لنکا جگتھ ایبی ورنا اور کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار احمد شیخ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تجارتی امور پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر قونصل جنرل سری لنکا کا کہنا تھا کہ سری لنکا اور پاکستان کا تجارتی حجم بعض رکاوٹوں کی وجہ سے صرف 440ملین ڈالر تک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھے تعلقات کے باوجود دوطرفہ تجارتی حجم 440ملین ڈالر ہونا مایوس کن ہے، پاکستان اور سری لنکا تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے ایف ٹی اے پرنظرثانی کی جائے گی۔

قونصل جنرل جگتھ ایبی ورنا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی درآمد کنندگان کینیا اور دیگر ممالک سے چائے درآمد کررہے ہیں، سری لنکا سے چائے اب پاکستان نہیں آتی ہے۔

اس موقع پر صدر کراچی چیمبر افتخار احمد شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں امریکی ڈالر کے بجائے مقامی کرنسیوں کا تبادلہ کرنے پر غور کرنا چاہیے۔