’سرجری کی بات ہو رہی تھی جو بنگلادیش نے کر کے دکھا دی‘

سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ناقص کارکردگی پر کڑی تنقید کی ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں باسط علی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرجری کی بات کی تھی جو بنگلادیش نے کر کے دکھا دی۔

باسط علی نے کہا کہ لگ ہی نہیں رہا پاکستان کی ٹیم کھیل رہی ہے کھلاڑی میدان میں الگ الگ گروپ بنا کر کھڑے ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیشی بولرز نے بابراعظم کو بھگابھگا کر آؤٹ کیا جب کہ شان نے دونوں میچوں میں اسکول لیول کی کپتانی کی، ہم ناکامیاں چھپانےکےلیے بلیم گیم کھیلتے ہیں۔

پاکستانی ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے میچ کی اختتامی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوم سیزن کی شروعات شکست سے ہوئی ہے، جس پر مایوسی ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہم نے اس سیریز کا 10 مہینے تک انتظار کیا تھا اور دونوں میچز میں بنگلہ دیش ٹیم کو آؤٹ کر سکتے تھے، لیکن ایسا نہ کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے مکمل فٹ ہونا اور ہمیں اپنی غلطیوں سے جلدی سیکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو اسی کی سر زمین پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور بنگلہ کپتان نے اس خوشی کو نا قابل بیان قرار دیا ہے۔