پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ آج ہوگا

لاہور میں ایکشن ختم ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی اٹھانے کی جنگ آج سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگی جہاں چوتھا میچ کھیلا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی تین میچز لاہور میں ہونے کے بعد اب دونوں ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گے۔ آج سیریز کا چوتھا میچ کھیلا جائے گا جو رات 9 بجے شروع ہوگا۔

سیریز میں پاکستان کو دو ایک سے برتری حاصل ہوگی۔ بابر الیون کی کوشش ہوگی کہ آج کا میچ جیت کر ناقابل شکست برتری حاصل کرکے قوم کو عید پر سیریز کی جیت کا تحفہ دے جب کہ مہمان کیویز آج کا میچ جیت کر سیریز جیتنے کا امکان برقرار رکھنے کے لیے پوری جان لڑانےکی کوشش کرے گی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ ماہ کھیلی گئی پی ایس ایل 8 میں تو رنز کے انبار لگے تھے اور کئی ریکارڈز بنے تھے۔ پچ اب بھی بلے بازوں کے لیے سازگار ہوگی اور بولرز کا سخت امتحان ہوگا۔

آج کے میچ کے لیے قومی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی متوقع ہے اور نوجوان صائم ایوب کی جگہ محمد حارث کی شمولیت کا امکان ہے۔

لاہور کے بعد پنڈی کے شائقین کرکٹ بھی کیویز کے استقبال کے لیے پرجوش ہیں اور چوتھے میچ کے صرف چند سو ٹکٹ فروخت ہونا باقی رہ گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ پیر 24 اپریل کو کھیلا جائے گا جس کے بعد پنڈی میں ہی پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دو میچز ہوں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں کراچی کے لیے اڑان بھریں گی جہاں ایک روزہ سیریز کا اختتام ہوگا۔