نیوزی لینڈ نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے تین ابتدائی میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے قومی ٹیم آج عزت بچانے کے مشن کے ساتھ کرائسٹ چرچ میں اترے گی۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم عزت بچانے کا مشن اور روٹھی جیت کو منانے کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔ کیویز ابتدائی تین میچز میں فتحیاب ہو کر سیریز میں فیصلہ کن برتری پہلے ہی لے چکے ہیں۔
آکلینڈ، ہیملٹن اور ڈنیڈن میں کھیلے گئے تینوں میچز میں پاکستانی کپتان شاہین شاہ نے ٹاس ضرور جیتا لیکن میچ نہ جیت سکے۔ ہر بار ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ہر بار بھاری پڑا کیونکہ بولرز نے ہر بار مایوس کیا۔ تینوں میچز میں کیویز نے 200 سے زائد اسکور کیا۔
تیسرے میچ میں تو فن ایلن اکیلے ہی پوری پاکستانی ٹیم پر بھاری پڑ گئے، جنہوں ںے پانچ چوکوں اور 16 چھکوں سے سجی 137 رنز کی ریکارڈ ساز اننگ کھیل کر میچ کو یکطرفہ بنایا۔
اعظم خان اور افتخار احمد کی ناکامیوں کا سلسلہ بھی طویل ہو گیا۔ جس کے باعث آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
چوتھے میچ سے قبل شاہینوں نے پریکٹس سیشن میں اپنی خامیاں دور کرنے کی کوشش کی ہے جب کہ کپتان شاہین شاہ کا کہنا ہے کہ مزید نئے کھلاڑی آزمائیں گے اور مثبت نتائج آنے میں وقت لگے گا۔
کرائسٹ چرچ میں پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ اچھا ہے۔ قومی ٹیم نے یہاں پانچ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار میں فتوحات حاصل کی ہیں۔