ایشینز ہاکی میں پاکستان جیت کا کھاتہ نہ کھول سکا

چنئی: ایشینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان دو میچ کھیل کر بھی جیت کا کھاتہ نہ کھول سکا۔

چنئی میں کھیلا گیا پاکستان اور دفاعی چیمپئن کوریا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان کے شاہد نے دوسرے ہاف میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔

پاکستان کو ابتدائی 3 کوارٹر میں کوریا پر برتری حاصل رہی تاہم کوریا کے جیہون نے آخری کوارٹر میں گول کر کے اسکور برابر کیا۔

پاکستان کو پہلےمیچ میں ملائیشیا نے شکست دی تھی اور دوسرا میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس تاحال جیت سے محروم ہے۔

قومی ٹیم کا اگلا میچ 6 اگست کو جاپان کی ٹیم سے ہو گا۔ 7 اگست کو چین اور 9 اگست کو روایتی حریف بھارت سے مدمقابل ہو گا۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوریا نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے گزشتہ ایونٹ کی فائنلسٹ جاپان کو دو – ایک سے شکست دی۔