پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 259 رنز کی سبقت حاصل کرلی

جمیکا ٹیسٹ میں چائے کے وقفے تک پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 259 رنز کی سبقت حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز چائے کے وقفے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالیے اور میزبان ٹیم کے ساتھ 259 رنز کی سبقت حاصل کرلی۔

اوپنر عابد علی 29، عمران بٹ 37 اور اظہر علی 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف، کائل میئرز اور کریگ بریتھ ویٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پہلی اننگز میں پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ویسٹ انڈیز کی ‏پوری ٹیم 150 رنز ڈھیر ہو گئی تھی۔

قومی بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت گرین کیپس کو پہلی اننگز میں 152 رنز کی برتری حاصل ‏ہو گئی ہے۔ پاکستان نے 9وکٹوں پر302رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

ویسٹ انڈیز نے کھیل کے چوتھے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز 39 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر آگے ‏بڑھائی تو گرین کیپس کے فاسٹ بولنگ اٹیک کے سامنے حریف بیٹمین ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

دن کے آغاز سے ہی قومی بولرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے اور پوری ٹیم کو 150 رنز ‏پر پویلیں بھیج دیا۔ نکرومابونر37 اور جرمین بلیک ووڈ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6کھلاڑی آؤٹ کیے جب کہ محمدعباس ‏‏2 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔