(30 جولائی 2025): ورلڈ گیونگ رپورٹ (ڈبلیو جی آر) 2025 کے مطابق پاکستان دنیا بھر میں سخاوت میں 101 ممالک میں سے 17ویں نمبر آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی (پی سی پی) نے چیریٹیز ایڈ فاؤنڈیشن (سی اے ایف) برطانیہ کے تعاون سے جاری کردہ رپورٹ کے نتائج جاری کیے۔
ورلڈ گیونگ رپورٹ 2025 سخاوت کے تین اہم اشاریوں کی بنیاد پر ممالک کی درجہ بندی کرتی ہے جس میں اجنبی کی مدد کرنا، رقم عطیہ کرنا اور رضاکارانہ وقت دینا شامل ہے۔
رپورٹ میں پاکستان نے انفرادی عطیات میں نمایاں پیشرفت کے ساتھ تینوں میں قابل ذکر کارکردگی دکھائی ہے جہاں عالمی تناظر میں عطیہ کی جانے والی آمدنی کے تناسب کے لحاظ سے اس کا نمبر 17واں ہے۔
پی سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ مقصود امجد نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پاکستان کیلیے جشن کا لمحہ ہے جو ہمدردی اور اجتماعی ذمہ داری کے مضبوط کلچر کی عکاسی کرتا ہے۔
شازیہ مقصود نے کہا کہ معاشی چیلنجوں کے باوجود پاکستانی نہ صرف مالی عطیات کے ذریعے بلکہ رضاکارانہ طور پر وقت دے کر اور ضرورت مندوں کی مدد کی پیشکش کرتے رہتے ہیں۔
پاکستان کی مذکورہ مضبوط درجہ بندی مذہبی، ثقافتی اور معاشرتی اقدار کے امتزاجکا مظہر ہے جو ہمدردی اور اجتماعی ذمہ داری کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس میں زکوۃٰ، صدقہ، یکجہتی، رضاکارانہ کام کرنے کا جذبہ اور دیگر عوام شامل ہیں۔